آن لائن شاپنگ کی بڑی بین الاقوامی کمپنیوں میں سے ایک ایمیزون کی جانب سے پاکستان کو آئندہ چند روز میں سیلر لسٹ میں شامل کرلیا جائے گا۔
اس بات کا اظہار مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک بیان میں بتاتے ہوئے کہا کہ ‘آخر کار ہم نے یہ کرلیا، ایمیزون آئندہ چند روز میں پاکستان کو سیلر لسٹ میں شامل کرلے گا’۔
انہوں نے بتایا کہ ہم گزشتہ برس سے ایمیزون کے ساتھ رابطے میں تھے اور اب یہ ہورہا ہے۔ یہ ہمارے نوجوانوں، چھوٹے اور درمیانے کاروبار کرنے والوں اور خواتین انٹرپرینیور کے لیے بہترین موقع ہوگا۔ رزاق داؤد کے مطابق ای کامرس کے اہم سنگ میل کو دنیا بھر میں کئی افراد کے ٹیم ورک کے ذریعے حاصل کیا گیا۔ خیال رہے کہ پڑوسی ملک بھارت میں موجود ہونے کے باوجود ایمیزون کی فہرست میں پاکستان شامل نہیں تھا۔
We have finally made it. @amazon will be adding Pakistan its Sellers’ List within a few days. We have been engaged with Amazon since last year and now it’s happening. It is a great opportunity for our youth, SMEs and women entrepreneurs. .
— Abdul Razak Dawood (@razak_dawood) May 6, 2021
چنانچہ اس مارکیٹ پلیس پر اپنی مصنوعات فروخت کرنے کے خواہشمند پاکستانی خوردہ فروش اپنی کمپنیوں کو دیگر ممالک میں رجسٹر کرواتے تھے۔ تاہم اب پاکستان کی شمولیت سے پاکستانی تاجر بآسانی اس پلیٹ فارم پر اپنی مصنوعات فروخت کرسکیں گے لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ اس سے پاکستانی صارفین کو فائدہ ہوگا بلکہ بیرونِ ملک اپنی اشیا فروخت کرنے کے خواہشمند پاکستانی تاجر مستفید ہوسکیں گے۔
دوسری جانب وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط شہباز گل نے اپنی ٹوئٹ میں دعویٰ کیا کہ ‘ایمیزون نے پاکستان کو سیلر لسٹ میں شامل کرلیا ہے’۔ اپنے بیان میں ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی تاریخ میں جو کام پچھلے 10 سال سے نہ ہوسکا وہ بالآخر موجودہ حکومت نے کر دکھایا۔ شہباز گل نے کہا کہ اس طرح پاکستان عالمی منڈی میں شامل ہوگیا ہے، اس اقدام سے اربوں کی سرمایہ کاری اور روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے، ساتھ ہی انہوں نے وزیراعظم عمران خان کا شکریہ بھی ادا کیا۔
پاکستان کی تاریخ میں جو کام پچھلے دس سال سے نا ہوسکا وہ بالآخر موجودہ حکومت نے کر دکھایا۔
AMAZON نے پاکستان کو سیلر لسٹ میں شامل کردیا ہے۔
اس سے پاکستان عالمی منڈی میں شامل ہوگیا ہے۔اس سے اربوں کی سرمایہ کاری اور روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے. شکریہ عمران خان pic.twitter.com/c7PIqHCUTU
— Dr. Shahbaz GiLL (@SHABAZGIL) May 5, 2021
خیال رہے کہ ایمیزون کمپنی 1994 میں جیف بیزوز نے قائم کی تھی، جو اس وقت امریکا سمیت متعدد ممالک میں آن لائن ریٹیل خریداری میں آگے ہے تاہم اسے اصل میں انٹرنیٹ بک اسٹور کے طور پر متعارف کرایا گیا تھا۔ آج یہ کمپنی دنیا بھر میں کتابوں سے لے کر لگ بھگ ہر چیز کو آن لائن فروخت کررہی ہے اور اپنے قیام کے 27 سال بعد اس کے اثاثوں کی مالیت 1.7 ٹریلین ڈالرز تک پہنچ چکی ہے۔
![]()
