English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

پاکستان: کورونا وائرس کے دوران عیدالفطر سادگی سے منائی جارہی ہے

ملک بھر میں کورونا کی وبا کے دوران دوسری عیدالفطر سادگی سے منائی جارہی ہے، اس سلسلے مساجد، عید گاہوں اور کھلے میدانوں میں نماز عید کے چھوٹے بڑے اجتماعات منعقد ہو رہے ہیں۔

نماز عید کے اجتماعات میں پاکستان کی ترقی، سلامتی و خوشحالی اور امت مسلمہ کے اتحاد کی خصوصی دعائیں مانگی جائے گی۔

کراچی میں نماز عید کا سب سے بڑا اجتماع پولو گراؤنڈ (باغ جناح) میں ہوا۔

اس موقع پر پولو گراؤنڈ میں سیکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کیےگئے ، کراچی کے مختلف علاقوں کے میدانوں اور مساجد میں نماز عید کے بڑے اجتماعات ہوئے، شہر قائد کی مشہور گرومندر سبیل والی مسجد میں صبح چھ بجکر پانچ منٹ پر نماز عید ادا کی گئی جس میں شہریوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔

لاہور کے باغ جناح میں عید کا پہلا بڑا اجتماع صبح 6 بجے منعقد ہوا، نمازِ عید کا سب سے بڑا اجتماع بادشاہی مسجد میں منعقد ہوا، جس میں گورنر پنجاب سرور چوہدری سمیت شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی جبکہ شہر کے دیگر مقامات پر بھی مختلف چھوٹے بڑے اجتماعات ہوئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق صدر مملکت عارف علوی نے نماز عید گورنر سندھ عمران اسمٰعیل کے ہمراہ گورنر ہاؤس سندھ میں ادا کی۔

آرمی چیف قمر جاوید باجوہ نے لائن آف کنٹرول پر فوجی جوانوں کے ہمراہ نماز عید ادا کی۔

علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے گورنر ہاؤس پشاور میں نماز پڑھی جبکہ چوہدری برادران نے نماز عید گجرات میں ادا کی۔

مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف اور رہنما حمزہ شہباز نے عید کی نماز ماڈل ٹاؤن میں ادا کی۔

وزیر اعظم کے نمائندہ خصوصی حافظ طاہر اشرف جامعہ مسجد بحریہ ٹاؤن لاہور میں نماز عید ادا کی۔

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے منصوبہ میں نماز عید پڑھائی، کراچی میں مفتی تقی عثمان نے ناظم آباد عید گاہ میں نماز عید کی امامت کی۔

دوسری جانب پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے نوڈیرو میں سماجی فاصلے کو برقرار رکھتے ہوئے کورونا وائرس کی حفاظتی تدابیر کے ساتھ نماز عید ادا کی۔

بلاول بھٹو زرداری نے کورونا وائرس کی بڑھتی لہر کی تباہ کاریوں سے ملک کو محفوظ رکھنے کے لیے خصوصی دعائیں مانگی۔

علاوہ ازیں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ظلم و جبر کے سائے میں عید منانے والے اہل کشمیر وفلسطین کی آزادی کے لیے دعا کی۔

عید الفطر پر ایس او پیز سے متعلق ہدایات

خیال رہے کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے ملک میں کورونا وائرس کی تیسری لہر کے تناظر میں عید الفطر کی نماز کے اجتماعات کے لیے رہنما ہدایات جاری کر دیں تھیں۔

این سی او سی اجلاس میں ملک بھر میں نماز عید کے اجتماعات کے لیے رہنما ہدایات جاری کی گئیں جو مندرجہ ذیل ہیں:

نماز عید کا انتظام کووِڈ 19 کے پروٹوکولز کو ملحوظ رکھتے ہوئے کھلے مقام پر کیا جائے، اگر مسجد میں ادا کرنا مجبوری ہو تو ہوا کی آمد و رفت کے لیے کھڑکیاں دروازے کھلے رکھے جائیں۔

عوام کی تعداد کم رکھنے کے لیے ایک مقام پر مختلف اوقات میں نماز عید کے 2، 3 اجتماع کیے جائیں۔

نماز کے دوران عوام کے میل جول کے وقت کو کم رکھنے کے لیے خطبے مختصر رکھنے کی کوشش کی جائے۔

بیمار، بزرگوں اور 15 سال سے کم عمر بچوں کی نماز کے اجتماع میں شرکت کی حوصلہ شکنی کی جائے۔

نماز عید کے دوران فیس ماسک/ سرجیکل ماسک پہننا لازم ہے۔

لوگوں کے ایک دوسرے سے ٹکراؤ سے بچاؤ کے لیے نماز کے مقام پر متعدد داخلی و خارجی راستے رکھے جائیں۔

اجتماع گاہ میں داخلے کے وقت نمازیوں کا جسمانی درجہ حرات دیکھا جائے۔

داخلی و خارجی مقام پر سینیٹیائزر کی دستیابی اور استعمال کیا جائے۔

اجتماع گاہ میں 6 فٹ کو سماجی فاصلہ کی نشان زدہ کردیا جائے۔

نمازی حضرات اپنے ہمراہ اپنی جائے نماز لے کر آئیں۔

نماز کے بعد آپس میں گھلنے ملنے اور مصافحہ کرنے سے گریز کیا جائے۔

عید کی نماز سے پہلے اور بعد میں کوئی اجتماع نہ کیا جائے۔

اجتماع گارہ میں آگاہی مہم کے طور پر نمایاں مقامات پر کورونا پروٹوکولز اجاگر کرنے والے بینرز لگائے جائیں۔

ہجوم کے انتظام کے لیے پارکنگ ایریاز کو اچھی طرح سے تیار کیا جائے۔

خیال رہے کہ حکومت نے عید الفطر کے لیے 10 سے 15 مئی تک چھٹیوں کا اعلان کیا تھا اور اس دوران عوام کی نقل و حمل کو محدود رکھنے کے لیے ہر قسم کے تفریحی مقام پر پابندی عائد کردی تھی۔

این سی او سی اور حکام نے عوام پر زور دیا کہ عید کی تعطیلات کے دوران غیر ضروری نقل و حمل سے گریز کریں، گھر میں رہیں اور محفوظ رہیں۔

صدر مملکت، وزیر اعظم و دیگر کا عید الفطر پر قوم کے نام پیغام

صدر مملکت نے کہا کہ اس عید پر کورونا وائرس سے بچاؤ کی تدابیر کو ہر گز نظر انداز نہ کیا جائے—فائل فوٹو: پی آئی ڈی

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے عید الفطر پر قوم کے نام اپنے پیغام میں اہل وطن اور ملت اسلامیہ کو عید کی دلی مبارک پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ عید کے موقع پر ضرورت مندوں اورمحتاجوں کو اپنی خوشیوں میں شریک کریں اور کورونا وائرس سے بچاؤ کی تدابیر کو اپنائیں۔

صدر اور گورنر سندھ عمران اسمعیل نے گورنر ہاؤس کی مسجد میں نماز عید ادا کی۔

انہوں نے کہا کہ اس عید پر کورونا وائرس سے بچاؤ کی تدابیر کو ہر گز نظر انداز نہ کیا جائے۔

ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ مصافہ اور معانقہ سے گریز کرتے ہوئے سماجی فاصلے کا خیال رکھیں۔

صدر مملکت نے اس امر پر زور دیا کہ کورونا کے سبب معاشی تنگ دستی کے شکار افراد کا خصوصی خیال رکھیں۔

انہوں نے کہا کہ دعائیں کی جائیں کہ وہ ہمیں اس وبا کی ہولناکیوں سے محفوظ فرمائے۔

عوام ذمہ داری کے ساتھ عید الفطر منائیں، وزیر اعظم عمران خان

وزیراعظم نے کہا کہ یہ عید مختلف ہے چونکہ دنیا وبائی امراض کا مقابلہ کررہی ہے—فائل فوٹو: وزیراعظم انسٹاگرام

اس موقع پر وزیر اعظم عمران خان نے بھی قوم کے نام اپنے پیغام میں اہل وطن کو عید الفطر کی دلی مبارک پیش کی۔

سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر وزیر اعظم عمران خان نے باور کرایا کہ ‘یہ عید مختلف ہے چونکہ دنیا وبائی امراض کا مقابلہ کررہی ہے’۔

انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ عوام ذمہ داری کے ساتھ عید الفطر منائیں اور اس دوران کورونا سے متعلق ایس او پیز پر سختی سے عمل کریں۔

وقت آگیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی المیے کو ختم کیا جائے، آرمی چیف

آرمی چیف قمر جاوید باجوہ نے لائن آف کنٹرول پر فوجی جوانوں کے ہمراہ نماز عید ادا کی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی المیے کو ختم کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیرکو کشمیریوں کی رائے اور اقوام متحدہ کی قرارداد کے مطابق حل کیا جائے۔

آرمی چیف قمر جاوید باجوہ نے ملک کے لیے قربانیاں دینے والے شہدا کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ پاک فوج قوم کی تواقعات پر پورا اترنے کے لیے ہر اقدام کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ عوام کی سیکیورٹی، تحفظ اور فلاح ہماری ذمہ داری ہے۔

علاوہ ازیں آرمی چیف نے کورونا وبا کی روک تھام کے لیے فارمیشن کے سول انتظامہ سے تعاون کو سراہا۔

اسرائیلی دہشت گردی کی وجہ سے آج ہر مسلمان غمزدہ ہے، چوہدری سرور

گورنر پنجاب چوہدری سرور نے عید کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی دہشت گردی کی وجہ سے آج ہر مسلمان غمزدہ ہے۔

انہوں نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ فلسطین اور کشمیر کی آزادی کے بغیر ہماری عید کی خوشیاں نامکمل ہیں۔

چوہدری سرور نے کہا کہ عوام عید سادگی سے منائیں اور کورونا ایس او پیز پر مکمل عمل کریں۔

وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے بھی عید کی مبارکباد دیتے نیک خواہشات کا اظہار کیا کہ یہ دن آپ کو اور آپ کے اہلخانہ کے لیے بڑی خوشی کا باعث بنے۔

عید مناتے ہوئے نہ بھولیں کہ کورونا کے خلاف جنگ جاری ہے، یاسمین راشد

اس موقع پر صوبائی وزیر صحت پنجاب یاسمین راشد نے بھی عید کی مبارکباد دیتے ہوئے کورونا کے خلاف حفاظتی اقدامات اپنانے پر زور دیا۔

انہوں نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ عید مناتے ہوئے یہ ایک لمحے بھی نہ بھولیں کہ کورونا کے خلاف جنگ جاری ہے۔

یاسمین راشد نے کہا کہ حفاظتی اقدامات کرنا ہر گز نہ بھولیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں عید الفطر پر سادگی سے خوشیاں منا کر ذمہ دار پاکستانی ہونے کا ثبوت دینا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کورونا کی شدید لہر سے گزر رہا ہے جبکہ صرف پنجاب میں 8 ہزار افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔

عیدمبارک، مریم نواز

مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے عید الفطر پر انتہائی مختصر پیغام دیا۔

عید پر اپنوں کا خاص خیال رکھیں اور گھر میں رہیں، پیپلز پارٹی

علاوہ ازیں پیپلز پارٹی کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ پر عالم اسلام کو عید الفطر کی مبارک دیتے ہوئے زور دیا گیا کہ عید پر اپنوں کا خاص خیال رکھیں۔

پیپلز پارٹی کی جانب سے کورونا وائرس کے تناظر میں کہا گیا کہ اس عید پر اپنوں کا خاص خیال رکھیں اور گھر میں رہیں اور محفوظ رہیں۔

وزیر اعلیٰ سندھ کی عید کے دن ڈیوٹی دینے والے طبی عملے کو خراج تحسین

وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے عید الفطر کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم کورونا وائرس کی وبا کے ساتھ دوسری عید منا رہے ہیں اور دعا ہے کہ کورونا کے مریضوں جلد صحتیاب ہوجائیں۔

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کو خراج تحسین پیش کیا جو عید کے دن بھی ڈیوٹی ادا کر رہے ہیں۔

سید مراد علی شاہ نے کہا کہ آج ہمیں اپنے کشمیری بھائیوں کو بھی یاد کرنا چاہیے جو کرفیو کی حالت میں عید منا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج ہمیں فلسطینیوں کو یاد کرنا چاہے جو اسرائیل کے مظالم کی وجہ سے بےگھر ہوکر عید منا رہے ہیں۔

منبع: ڈان نیوز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے