English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

این سی او سی نے پاکستان میں 17 مئی سے مارکیٹیں اور دکانیں کھولنے کی اجازت دے دی

القمر

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے بین الصوبائی اور انٹر سٹی ٹرانسپورٹ 16 مئی اور تمام مارکیٹیں اور دکانیں 17 مئی سے کھولنے کی اجازت دے دی۔

وفاقی منصوبہ بندی و ترقی اسد عمر اور قومی کوآرڈینیٹر لیفٹننٹ جنرل حمود الزمان خان کی زیر صدارت این سی او سی کا خصوصی اجلاس ہوا۔

وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے بھی اجلاس میں شرکت کی جبکہ صوبائی سیکریٹریز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔

اجلاس میں عید کی چھٹیوں کے دوران معیاری طریقہ کار (ایس او پیز) پر عملدرآمد کا جائزہ اور اس پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔

شرکا نے اس سلسلے میں تمام اسٹیک ہولڈرز کی کاوشوں بالخصوص عوام کے تعاون کو سراہا۔

اجلاس میں مندرجہ ذیل فیصلے کیے گئے:

تمام بین الصوبائی، انٹر سٹی اور انٹرا سٹی پبلک ٹرانسپورٹ 17 مئی کے بجائے 16 مئی (اتوار) سے بحال کردی جائے گی، تاہم یہ ٹرانسپورٹ 50 فیصد مسافروں کے ساتھ چلائے جائے گی۔

17 مئی سے تمام مارکیٹیں اور دکانیں رات 8 بجے تک کھولنے کی اجازت ہوگی۔

ریلوے آپریشن 70 فیصد مسافروں کے ساتھ برقرار رہے گا۔

دفاتر میں معمول کے اوقات 17 مئی سے بحال ہوجائیں گے تاہم 50 فیصد عملے کے گھروں سے کام کرنے کی شرط برقرار رہے گی۔

کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کا جائزہ لینے کے لیے این سی او سی کا اجلاس دوبارہ 19 مئی کو ہوگا۔

این سی او سی نے ایس او پیز پر عملدرآمد کی مسلسل مانیٹرنگ کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے عوام سے ان ایس او پیز پر عملدرآمد جاری رکھنے کی اپیل کی۔

فورم نے عوام پر زور دیا کہ وہ ویکسی نیشن کے لیے مراکز پر آنے سے قبل 1166 پر رجسٹریشن کرائیں۔

واضح رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کی تیسری لہر کے دوران کیسز اور اموات میں اضافے کے پیشِ نظر عیدالفطر کی چھٹیوں کے دوران تفریحی مقامات بشمول پبلک پارکس، پکنک پوائنٹس، سیاحتی مقامات، ساحلِ سمندر وغیرہ بند رکھے گئے ہیں۔

اس کے علاوہ تمام بین الصوبائی، انٹر سٹی اور انٹرا سٹی پبلک ٹرانسپورٹ جبکہ مارکیٹیں اور دکانیں کھولنے پر بھی پابندی تھی، جس کے باعث کورونا کے پھیلاؤ میں کمی دیکھی جارہی ہے۔

ساتھ ہی عوام کی جانب سے ایس او پیز پر عملدرآمد بھی بہتری آئی ہے جس کے باعث مثبت کیسز کی شرح 5 فیصد پر آگئی ہے۔

منبع: ڈان نیوز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے