بھارت دنیا میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کا نیا مرکز بن گیا ہے جہاں وبا سے اب تک ڈھائی کروڑ کے قریب افراد متاثر ہو چکے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق بھارت میں کورونا سے متاثرہ مریضوں کی مجموعی تعداد 2 کروڑ 43 لاکھ سے زائد جبکہ کورونا سےاموات 2 لاکھ 66 ہزار ہو چکی ہیں۔
دوسری جانب دریا ئے گنگا میں تیرتی لاشوں کی تلاش میں پولیس نے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے جبکہ کئی شہروں میں لوگ اپنے عزیزوں کے لیے آکسیجن اور وینٹی لیٹر زکا انتظام کرنے کے لیے بھاگ دوڑ کر رہے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق چنئی میں دواؤں کی فراہمی کے لیے لوگوں نے احتجاج کیا جبکہ دہلی میں مودی مخالف پوسٹرز لگانے پر 15 افراد کو گرفتارکر لیا گیا۔
دوسری جانب کورونا کے بڑھتے کیسز پر برطانوی حکومت نے بولٹن اور بلیک برن میں فوج تعینات کرنے کا فیصلہ کیا۔
ادھر روس نے سعودی عرب سمیت5 ممالک کے لیے 25 مئی سے پروازیں بحال کرنے کا اعلان کر دیا
سعودی عرب میں گھروں اورگیسٹ ہاؤسز میں تقریبات اور عید ملن پارٹیوں پر غیر معینہ مدت کے لیے پابندی عائد کردی گئی ہے۔
سمندری طوفان تاؤتے نے بھارت میں تباہی مچادی، 4 افراد ہلاک

کیرالہ:سمندری طوفان تاؤتے بھارتی ریاست کیرالہ سے ٹکرا گیا جس کے نتیجے میں 4 افراد ہلاک ہوگئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سمندری طوفان ’’توکتے‘‘ نے ریاست کیرالہ میں شدید تباہی مچادی ہے جس کے باعث 4 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوچکے ہیں جب کہ ہزاروں افراد نقل مکانی پر مجبور ہیں، کیرالہ کے ساحلی علاقوں میں طوفان کی وجہ سے موسلا دھار بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جب کہ تیز ہواؤں کے باعث متعدد گھروں کو چھتیں بھی اڑ گئی ہیں۔
بھارتی محکمہ موسمیات کے مطابق سمندری طوفان ’’توکتے‘‘ بھارتی ریاست گجرات کی طرف بڑھ رہاہے، سمندری طوفان زور پکڑ رہا ہے جس کی وجہ سے 6 ریاستیں متاثر ہونے کا خدشہ ہے جن میں کیرالہ، کرناٹکا، تامل ناڈو، گجرات، مہاراشٹرا اور گوا شامل ہیں۔
منبع: جیو نیوز
