English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

زلفی بخاری نے رنگ روڈ انکوائری میں عائد الزامات کے پیش نظر اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا

القمر

وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانی زلفی بخاری نے رنگ روڈ انکوائری میں عائد الزامات کے پیش نظر اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔

انہوں نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر استعفیٰ دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ میرے وزیر اعظم نے ہمیشہ کہا ہے کہ اگر کسی فرد کا کسی انکوائری میں صحیح یا غلط نام آتا ہے تو جب تک اس کا نام کلیئر نہ ہو جائے اس وقت تک اسے عوامی عہدے کو چھوڑ دینا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ رنگ روڈ انکوائری میں عائد الزامات کے پیش نظر جب تک میرا نام ان الزامات اور میڈیا کے مکروہ جھوٹ سے کیئ نہیں ہوجاتا، اس وقت تک میں اپنے عہدے سے استعفیٰ دے کر مثال قائم کرنا چاہتا ہوں۔

زلفی بخاری نے کہا کہ میرا رنگ روڈ یا کسی بھی ریئل اسٹیٹ منصوبے سے کوئی تعلق نہیں اور جوڈیشل انکوائری کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اس مرتبہ انکوائری قابل افراد کو کرنی چاہیے۔

معاون خصوصی نے کہا کہ میں پاکستان میں رہوں گا اور وزیر اعظم اور ان کے نظریے کے ساتھ کھڑا رہوں گا، میں نے بیرون ملک اپنی زندگی کی قربانی دی تاکہ میں پاکستان کی خدمت کر سکوں اور میں انکوائری کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہوں۔

واضح رہے کہ 2018 میں تحریک انصاف کی حکومت کے اقتدار میں آنے کے بعد وزیر اعظم عمران خان نے اپنے قریبی دوست ذوالفقار حسین بخاری عرف زلفی بخاری کو اپنا معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانی مقرر کردیا تھا۔

چند ماہ بعد برٹش ورجن آئی لینڈز میں آف شور کمپنی کے انکشاف کے بعد قومی احتساب بیورو (نیب) نے زلفی بخاری کے خلاف تحقیقات شروع کردی تھیں جبکہ مسلم لیگ(ن) کے رہنما عادل چٹھہ نے ان کی نااہلی کے لیے درخواست دائر کی تھی۔

منبع: ڈان نیوز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے