English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

یورپی یونین کے ساتھ اپنے تعلقات کو پاکستان قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، آرمی چیف

القمر

اسلام آباد: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان یورپی یونین کے ساتھ مضبوط تعلقات کا خواہاں ہے۔

 پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کا حوالہ دے کر بتایا گیا کہ جنرل ہیڈ کوارٹرز میں یورپی یونین کی سفیر اینڈرولا کامینار سے ملاقات میں جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ ‘پاکستان یورپی یونین کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور ہم باہمی مفاد پر مبنی کثیرجہتی دوطرفہ تعلقات کو فروغ کا منتظر ہے’۔

خیال رہے کہ گزشتہ ماہ پاکستان میں فرانس مخالف مظاہرے اور فرانسیسی سفیر کو ملک بدر کرنے کے مطالبے سے یورپی یونین کے ساتھ پاکستان کے تعلقات کے بارے میں سوالات اٹھائے گئے تھے۔

بعدازاں فرانس مخالف مظاہرے کی قیادت کرنے والے گروپ کے ساتھ حکومت کے معاہدوں سے ان شکوک و شبہات میں اضافہ ہوا تھا۔

آرمی چیف کے تبصرے کو ان خدشات کو دور کرنے کے تناظر میں دیکھا گیا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات کے دوران افغان امن عمل میں حالیہ پیشرفت سمیت علاقائی سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

یورپی یونین کی سفیر اینڈرولا کامینار نے خطے میں امن اور استحکام کے لیے خصوصا افغان امن عمل کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔

یوروپی یونین کے سفیر نے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری سے بھی ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران وفاقی وزیر نے غزہ میں بگڑتی ہوئی انسانی صورتحال پر پاکستان کی گہری تشویش کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ صورتحال کو معمول پر لانے میں مدد کرے اور ایک مناسب حل کی سہولت فراہم کرے۔

یورپی یونین کی سفیر نے کہا کہ نائب صدر بوریل نے صورتحال پر تبادلہ خیال کے لیے 18 مئی کو یورپی یونین کے رکن ممالک کے وزرائے خارجہ کا اجلاس طلب کیا تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ اجلاس ہم آہنگی اور تبادلہ خیال کے لیے تشکیل دیا گیا ہے کہ موجودہ تشدد کے خاتمے کے لیے یورپی یونین کس طرح بہتر کردار ادا کرسکتی ہے۔

ملاقات کے دوران دونوں فریقوں نے پاکستان میں کووڈ 19 وبائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا کہ حکومت کے بروقت فیصلوں اور موثر احتیاطی تدابیر کے ذریعے وبائی بیماری پر قابو پانے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے۔

اینڈرولا کامینار نے لوگوں کو وبائی امراض سے بچانے کے لیے حکومت پاکستان کے اقدامات کو سراہا۔

علاوہ ازیں انہوں نے وبائی امراض کے باوجود پاکستان کی برآمدات میں اضافے کو بھی قابل تحسین قرار دیا۔

منبع: ڈان نیوز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے