English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

بھارت: سمندری طوفان تاؤتے نے تناہی مچادی، 27 افراد جاں بحق

بھارت میں طوفان کے ٹکرانے سے کم از کم 27 افراد ہلاک اور 100 سے زائد لاپتا ہوگئے جبکہ ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں کا بھی ایک نیا ریکارڈ سامنے آیا ہے۔

 تاؤتے نامی طوفان کے بارے میں ماہرین کہتے ہیں یہ بحیرہ عرب میں تیزی سے شدید طوفانوں کی بڑھتی ہوئی تعداد میں سے ایک ہے جس کا پانی ماحولیاتی تبدیلی کی وجہ سے گرم ہورہا ہے۔

بھارت کے مغربی حصے میں قائم ریاست گجرات کے ساحل پر آنے والے طوفان کے سے سیکڑوں ہزاروں افراد بجلی سے محروم ہوگئے۔

حکام نے بتایا کہ 130 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے طوفان ساحل سے ٹکرایا جس نے سمندر کے قریب مکانوں کی کھڑکیاں توڑ دیں اور بجلی کا نظام درہم برہم کردیا جبکہ ہزاروں درختوں کو جڑوں سے اکھاڑ دیا جس سے متاثرہ علاقوں کی طرف جانے والی سڑکیں بند ہوگئیں۔

بھاو نگر میں ایک ہوٹل کے مالک نے بتایا کہ ‘میں نے اپنی زندگی میں اتنا تیز طوفان کبھی نہیں دیکھا’۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘ہر طرف تاریکی چھائی ہوئی تھی کیونکہ بجلی بھی نہیں آرہی تھی اور ہوا کی خوفناک آوازیں آرہی تھیں’۔

بھارتی بحریہ نے بتایا کہ ممبئی میں 9 میٹر اونچی لہروں سے سمندر میں تیل کی کان کے لیے خدمات فراہم کرنے والا بحری جہاز ڈوب گیا اور جہاز پر سوار 273 افراد میں سے 96 لاپتہ ہوگئے۔

وزارت دفاع کا کہنا تھا کہ 177 افراد کو ریسکیو کرلیا گیا جبکہ جنگی جہاز عملے کو ‘انتہائی مشکل سمندری صورتحال’ میں بچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

تاہم بھارتی بحریہ کے ہیلی کاپٹرز ایک اور جہاز پر پھنسے ہوئے 137 افراد کو بچانے میں کامیاب ہوگئے جس کا لنگر پھسل گیا تھا۔

اس کے علاوہ ایک اور جہاز اور ایک تیل کا کنواں بھی ڈوب گیا۔

دیگر مقامات پر 7 تازہ ہلاکتوں کے بعد ہلاکتوں کی کل تعداد 27 ہوگئی جس میں دیوار کے گرنے سے مرنے والا ایک بچہ، ایک 80 سالہ خاتون اور ایک نوعمر لڑکی بھی شامل ہیں۔

طوفان سے تقریباً 16 ہزار 500 سے زائد مکانات کو نقصان پہنچا، 40 ہزار درخت اکھڑ گئے اور 2 ہزار 400 دیہاتوں کی بجلی منقطع ہوگئی۔

ساحلی ضلع میں 40 سے 50 موبائل فون ٹاور خراب ہو گئے اور وہاں کے مقامی عہدیدار عیش اوک نے بتایا کہ طوفان کے بعد بجلی یا مواصلات کا نظام میسر نہیں۔

اگرچہ یہ طوفان گزشتہ چند دہائیوں کے دوران آنے والے بدترین طوفانوں میں سے ایک تھا لیکن سابقہ ​​آفات کی نسبت بہتر پیش گوئی کے نتیجے میں خطرے سے قبل دو لاکھ افراد کو وہاں سے محفوظ مقام پر منتقل کردیا گیا تھا۔

گجرات کے وزیر اعلیٰ وجے روپانی نے کہا کہ ‘پچھلے تین دن سے ہم نے جو منصوبہ بندی کی تھی، اس کا نتیجہ برآمد ہو گیا، ہم انسانی ہلاکتوں کو کم کرنے میں کامیاب ہوگئے ہیں لیکن چیلنجز اب بھی باقی ہیں’۔

بھارت میں کورونا سے ایک دن میں ہلاکتوں کا نیا ریکارڈ

ایک دن میں 4 ہزار 529 افراد ہلاک ہوئے، فوٹو: فائل

نئی دہلی: بھارت میں کورونا سے ایک دن میں ہونے والی ہلاکتیں 4 ہزار 529 تک جا پہنچیں جس کے بعد پُرانے سارے ریکارڈ ٹوٹ گئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق بھارت میں کورونا سے گزشتہ 24 گھنٹوں میں ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 4 ہزار 529 ہوگئی جو اب تک کی ایک دن میں ہونے والی ہلاکتوں کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔

اسی طرح گزشتہ 24 گھنٹوں میں اس مہلک وائرس سے 2 لاکھ 67 ہزار 334 افراد متاثر ہوئے جو کہ پچھلی تعداد کے مقابلے میں کم ہے تاہم ہلاکتوں میں اضافہ بدستور جاری ہے۔

بھارت میں کورونا کی تازہ لہر نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے، اسپتال میں مریضوں کے لیے بستر کم پڑ گئے اور آکسیجن کی قلت کا سامنا رہا۔ اس صورت حال نے مودی سرکار کی ناقص کارکردگی کا بھانڈا پھوڑ دیا۔

ہندوستان میں ’’مارننگ کنسلٹ ٹریکر‘‘ کے ہونے والے ایک تازہ سروے میں وزہراعظم نریندر مودی کی مقبولیت انتہائی تیزی سے گرنے کا انکشاف ہوا ہے۔ شہریوں کی بڑی تعداد نے مودی سرکار کو اب تک کی سب سے بری حکومت قرار دیا۔

واضح رہے کہ بھارت میں کورونا سے متاثر ہونے والوں کی تعداد 2 کروڑ 52 لاکھ سے تجاوز کرگئی اور یہ مہلک وائرس ملک بھر میں اب تک 2 لاکھ 78 ہزار افراد کی جان لے چکا ہے جب کہ بھارت میں 17 کروڑ 57 لاکھ شہریوں کو ویکسین لگائی جاچکی ہے۔

منبع: ڈان نیوز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے