English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

روہڑی کے قریب مسافر کوچ الٹ جانے سے 13 مسافر جاں بحق

القمر

روہڑی کے قریب دبر تھانے کی حدود میں مسافر کوچ الٹ جانے سے 13 مسافر جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔

ڈپٹی کمشنر سکھر رانا عدیل نے بتایا کہ ملتان سے کراچی آنے والی کوچ کو حادثہ کلر گوٹھ کے مقام پر پیش آیا۔

انہوں نے حادثے میں 13افراد کی ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ جاں بحق افراد میں سے11کی لاشیں روہڑی اور 2 کی لاش پنوعاقل ہسپتال پہنچا دی گئی ہیں۔

رانا عدیل نے بتایا کہ زخمیوں کو روہڑی، پنوعاقل اور سکھر کے ہسپتالوں میں منتقل کردیا گیاہے۔

دوسری جانب ترجمان موٹروے پولیس ساوتھ زون انسپکٹر محمد خالد بھٹو نے بتایا کہ ابتدائی تفتیش سے معلوم ہوا کہ مسافر کوچ کا ٹائی راڈ ٹوٹنے کی وجہ سے حادثہ پیش آیا۔

ترجمان موٹروے پولیس کا کہنا تھا کہ حادثے میں زخمیوں میں دو کی حالات نازک ہے جبکہ معمولی زخمی ہونے والے تمام 9 افراد کا تعلق ملتان سے ہے۔

حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد سے متعلق محمد خالد بھٹو نے بتایا کہ صبح 8 بجے تک متوفیوں کی تعداد 9 تھی۔

انہوں نے بتایا کہ حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں محمد ریاض ولد محمد رمضان، محمد اجمل ولد رحیم بخش، اللہ دتا ولد نذیر ڈوگر، غلام عباس ولد ایم ڈی، ندیم ولد اختر، شکیل، لطیف ولد ولی محمد، عمران اورمحمد فاروق شامل ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ شدید زخمی ہونے والوں میں 45 سالہ فیصل اور 35 سالہ عدیل ہیں۔

علاوہ ازیں محمد خالد نے بتایا کہ متاثرین کے اہلخانہ کو معلومات فراہم کرنے کے لیے روہڑی میں ہیلپ ڈیسک قائم کردی گئی ہے۔

حکام نے حادثے کی اطلاع پر روہڑی، پنو عاقل اور سکھر کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی اور ڈاکٹر اور عملے کو گھروں سے طلب کرلیا۔

ترجمان موٹروے پولیس نے بتایا کہ ریسکیو ٹیم کی مدد سے ا لٹنے والی بس کو سیدھا کردیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ کوچ کے مسافروں میں اکثریت مزدور طبقے سے تھی جو عید کی چھٹیاں گزار کر واپس کراچی جا رہے تھے۔

منبع: ڈان نیوز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے