اسلام آباد: آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے گیس کی قیمتوں میں اضافے کے حوالے سے سمری حکومت کو بھجوا دی ہے اور ٹیرف میں 14 فیصد اضافے کی سفارش کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق اوگرا نے قیمتیں بڑھانے کے لیے گیس کمپنیوں کی درخواست پر عوامی سماعت کی، جس پر گیس کمپنیوں نے نقصانات پورا کرنے کے لیے اپنے ٹیرف میں اضافے کی درخواست کی ہے۔
آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی سوئی ناردرن گیس کمپنی کے ٹیرف میں 14فیصد اور کمپنی کے لیے 86 روپے 93 پیسے فی یونٹ اضافے کی سفارش ہے جبکہ اوگرا نے سوئی سدرن گیس کمپنی کے ٹیرف میں 7 فیصد اور کمپنی کے لیے 54 روپے 47 پیسے فی یونٹ اضافے کی سفارش ارسال کی گئی ہے۔
خیال رہے سوئی ناردرن گیس کمپنی نے ٹیرف میں 154فیصد اضافے کی درخواست کی تھی اور سوئی ناردرن گیس کمپنی نے 857روپے 40پیسے فی یونٹ اضافہ مانگا تھا جبکہ سوئی سدرن گیس کمپنی نے ٹیرف میں 8فیصد اضافے کی درخواست کی تھی، سوئی سدرن گیس کمپنی نے 63روپے 82پیسے فی یونٹ اضافہ مانگا تھا۔
واضح رہے آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے ملک میں گیس کی قیمت میں 14 فیصد تک اضافے کی منظوری دے دی ہے جبکہ قیمت میں اضافہ رواں مالی سال کے لیے کیا گیا ہے، تاہم قیمتوں میں اضافے کا حتمی فیصلہ وفاقی حکومت سے منظوری کے بعد ہوگا۔

