English Al Qamar Urdu جون 28, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

مسائل سے نجات کیلئے عوام جماعت اسلامی کا ساتھ دیں،جاوید قصوری

القمر

لاہور (وقائع نگارخصوصی ) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا کہ مہنگائی نے ہر طبقے کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ اشیا خورونوش کی قیمتیں تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہیں۔ جماعت اسلامی مہنگائی،بے روزگاری، لاقانونیت اور عوام کو درپیش دیگر مسائل کے حل کے لیے بھر پور انداز میں آواز اٹھا رہی ہے۔امیر جماعت اسلامی سرا ج الحق کی اپیل پر ہفتہ احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مہنگائی کے خلاف ہفتہ احتجاج کے حوالے سے منعقدہ مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ سبزی منڈی بادامی باغ لاہور میں صوبے کے دور دراز علاقوں سے سبزیاں اور پھل لے کر آنے والے ٹرک ڈرائیوروں سے بھتا وصول کرنے کی شکایات مل رہی ہیں۔ ٹرک ڈرائیور سراپا احتجاج ہیں،مگر مجال ہے کہ صوبائی حکومت یا کسی اور ادارے کے کانوں پر جوں تک بھی رینگتی ہو۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس حوالے سے مکمل تحقیقات کی جائیں اور متاثر ین کی لوٹی ہوئی رقم واپس دلوائی جائے۔ یہ پورا نظام مافیا کے کنٹرول میں ہے۔ بھتا دیے بغیر تاجروں کو کاروبار کرنے کی اجازت نہیں۔ محمد جاوید قصوری نے مزید کہا کہ مہنگائی اور بے روزگاری کے حوالے سے ادارہ شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق،عام آمدنی والے افرادکے لیے مہنگائی میں 15.72فیصد تک اضافہ ہوا ہے۔ آٹے اور پیٹرولیم مصنوعات اور بجلی کی قیمتوں میں اضافے سے عوام کی زندگی اجیرن ہوچکی ہے۔ کتنی بد قسمتی کی بات ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت ساڑھے تین برس میں اپنی معاشی ٹیم نہیں بناسکی ہے۔ وزیرا عظم سمیت حکومتی کسی وزیر مشیر کو عوامی تکالیف کا احساس نہیں۔ان کی کارکردگی محض اخبارات تک محدود ہو کر رہ گی ہے۔ مسائل سے نجات کے لیے عوام آئندہ انتخاب میں صرف جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے