لاڑکانہ(نمائندہ جسارت) سینٹرل جیل لاڑکانہ انتظامیہ کی کارروائی، بوٹ میں چھپا کر قیدیوں کو چرس پہنچانے والا اہلکار سمیت شراب کی بوتلیں جیل میں پہنچانے والا شخص گرفتار، دونوں کو متعلقہ ولید تھانہ پولیس کے حوالے کر کے مقدمہ درج کرنے کے لیے تحریری لیٹرز جاری کر دیے گئے۔تفصیلات کے مطابق سینٹرل جیل لاڑکانہ کے سپرنٹنڈنٹ اشفاق احمد کلوڑ کے مطابق سینٹرل جیل لاڑکانہ میں منشیات اور شراب نوشی سمیت موبائل استعمال کی شکایات کے بعد سے سختی برتتے ہوئے نقل حرکت کے جائزے کے باعث جیل کا اہلکار عبدالقادر چانڈیو تلاشی کے بعد اس وقت رنگے ہاتھوں پکڑا گیا جب وہ ایک سو گرام چرس کے تین پیکٹس بوٹ میں چھپا کر قیدی کو پہنچانیجا رہا تھا، تفتیش میں اہلکار نے یہ چرس قیدی صاحب خان برڑو کو پہنچائے جانے کا اعتراف بھی کیاہے، دوسری جانب چیکنگ کے دوران زکریا ملگانی نامی شخص سے بھی شراب کی بوتلیں برآمد کی گئیں جس کے بعد دونوں مذکورہ ملزمان کو متعلقہ ولید تھانہ پولیس کے حوالے کرتے ہوئے مقدمات درج کرنے کے لیے تحریری لیٹرز بھی جاری کر دیے گئے ہیں، جیل سپرنٹنڈنٹ اشفاق احمد کلوڑ کا کہنا تھا کہ مذکورہ اہلکار پہلے بھی ایسی سرگرمیوں میں ملوث رہا ہے جس کی وجہ سے اس پر پہلے بھی مقدمہ درج کیا گیا تھا اس بار تفصیلی رپورٹ بنا کر آئی جی جیل خانہ جات کو بھیجی ہے جہاں سے اہلکار کے خلاف ڈپارٹمنٹل کارروائی بھی ہوگی۔انہوں نے کہا کہ جیل میں غیر اخلاقیات کیخلاف قانون سرگرمیوں کی روک تھام کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
