نوابشاہ(سٹی رپورٹر)ڈپٹی کمشنر شہید بینظیرآباد عامر حسین پنہور نے ضلع کے تمام سرکاری محکموں کے افسران کو سختی سے ہدایات دیتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کے جائز مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں، اس سلسلے میں کسی بھی قسم کی سستی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج دربارہال میں عوام کے مسائل و شکایات کو حل کرنے کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ ضلع کے عوام کے مسائل حل کرنا اولین ترجیح ہے اس لیے تمام افسران عوام کی شکایات کو حل کرنے کے لیے سنجیدگی سے کام کریں ۔ڈپٹی کمشنر نے تمام افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ وہ عوامی شکایات کو حل کرنے کے لیے فوکل پرسن مقرر کریں جبکہ عوام کی جانب سے موصول ہونے والی شکایات کو اپنے دفتر میں رجسٹرڈ کریں تاکہ شکایتوں کی شناخت اور حل میں آسانی ہوسکے۔ ڈپٹی کمشنر نے اسسٹنٹ کمشنر و انچارج شکایتی سیل عبدالخالق بھنگوار کو ہدایت دی کہ عوام کی جانب سے موصول ہونے والی شکایات کے حل کے لیے متعلقہ محکموں کو درخواستیں ارسال کرکے متعلقہ محکمے کے فوکل پرسن سے مسائل کے فوری حل کے لیے رابطہ کیا جائے تاکہ عوام کے جائز مسائل بناکسی دیر حل کرکے ان کو ریلیف فراہم کیا جاسکے۔اس موقع پر اجلاس کو آگاہی دیتے ہوئے ڈی سی آفس شکایتی مرکز کے انچارج و اسسٹنٹ کمشنر عبدالخالق نے بتایا کہ تاحال مختلف شکایات کی 125 درخواستیں موصول ہوچکی ہیں جن کے حل کے لیے متعلقہ محکموں کو ارسال کی گئی ہیں جن میں سے کافی مسائل حل ہوچکے ہیں۔ اجلاس میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسر (سیکنڈری ) قربان علی راہو، ایم ایس پی ایم سی اسپتال ڈاکٹر عبدالرزاق میمن، ڈی ایس پی پیارو خان جمالی، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسر (پرائمری) عبدالفتاح ڈاہری، انچارج ڈی ایچ او ڈاکٹر اسداللہ ڈاہری، چیف مانیٹرنگ افسر عاشق حسین جتوئی، ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس افسر محمد اشرف آرائیں، اسسٹنٹ ڈائریکٹر بیت المال شہزادو جسکانی سمیت دیگر محکموں کے افسران نے شرکت کی۔
