لاہور (نمائندہ جسارت) کشمیری مسلمان 74 سال سے پاکستان کے دفاع کی جنگ لڑرہے ، برستی گولیوں ، بندوقوں اور سنگینوں کے سائے میں پاکستان زندہ باد کے نعرے لگارہے ، اپنے شہدا کو سبز ہلالی پرچم میں سپرد خاک کررہے ہیں ۔ پاکستان کا دفاع ، استحکام ، زرعی وصنعتی ترقی مسئلہ کشمیر کے حل کے ساتھ مشروط ہے ۔ پاکستان کے تاجر کشمیری بھائیوں کے شانہ بشانہ ہیں ۔ان خیالات کااظہار انجمن تاجران اردو بازار ہادیہ حلیمہ سینٹر کے صدر سرور عاصم نے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ جموں کشمیر پر 74برس سے غاصبانہ اور جابرانہ قبض کررکھا ہے ، ہرروز بچوں کو بچوں کو ذبح کیا جارہا اور خواتین کی عصمت دری کی جارہی ہے ۔1947ء سے اب تک 5 لاکھ کشمیری مسلمان شہید کئے جاچکے ہیں انہیں پاکستان اور اسلام کے ساتھ محبت کی سزا دی جارہی ہے ۔ ان حالات میں ضروری ہے کہ ہم اپنے مظلوم بھائیوں کی ہر طرح کی مدد کریں ۔ اس لیے کہ مقبوضہ جموں کشمیرکی آزادی اور الحاق کے بغیر پاکستان ادھورا اور نامکمل ہے ۔ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے ۔ ہمارے حکمرانوں اور سیاستدانوں کا فرض ہے کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے ایک قومی پالیسی تشکیل دیں اور پھر ساری جماعتیں اس پالیسی کے تحت یکسو ہوکر مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے تمام کوششیں بروئے کار لائیں ۔ پاکستان کا مستقبل ، استحکام، دفاع زرعی وصنعتی ترقی مسئلہ کشمیر کے حل کے ساتھ مشروط ہے ۔ پاکستان بھر کی تاجر برادری کشمیری بھائیوں کے شانہ بشانہ ہے اور مقبوضہ جموں کشمیر کی آزادی کے لیے کسی قسم کی قربانی دینے سے دریغ نہیں کرے گی ۔ حکومت کا فرض ہے کہ وہ کشمیری بھائیوں کی اخلاقی ، سفارتی ، مالی اور عسکری مدد کرے۔
