لندن؍ پیرس (انٹرنیشنل ڈیسک) فرانس اور برطانیہ نے ماہی گیری سے متعلق تنازع پر مذاکرات کے رضامندی ظاہر کردی۔ خبررساں اداروں کے مطابق فرانس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ وہ اس معاملے برطانیہ کے ساتھ بات چیت کرنے کے لیے تیار ہے۔ برطانوی وزیر ماحولیات نے پارلیمان کو بتایا کہ انہوں نے اس متنازع معاملے پر یورپی یونین کی متعلقہ کمشنر سے بات بھی کی ہے۔ فرانس کے وزیر برائے یورپ کلیمنٹ بیوں کا کہنا ہے کہ رودباد انگلستان کے پار جانے والی تمام اشیا کی پڑتال اور نگرانی کو بڑھایا جا سکتا ہے۔ یاد رہے کہ برطانیہ کے یورپی یونین سے انخلا کے بعد سے سمندری حدود دونوں ممالک کے درمیان تنازع کا باعث بنی ہوئی ہیں اور لندن حکومت بریگزٹ کا خمیازہ بھگت رہی ہے۔ اس سے قبل فرانسیسی انتظامیہ نے بندرگاہ لی ہاورے کے پاس فرانسیسی حدود کے اندر مچھلیوں کا شکار کرنے والی 2برطانوی کشتیوں کو تنبیہ جاری کی تھی۔ بدھ کی شب کشتیوں کو وارننگ جاری کی گئی اور ایک کشتی کو تحویل میں لے کر بندرگاہ لے جایا گیا۔ فرانسیسی حکام کا کہنا ہے کہ کشتی کے کپتان اور عملے کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی جاسکتی ہے اور اس کی جانب سے شکار کردہ مچھلیاں ضبط کر لی گئی ہیں۔ فرانس کے مطابق برطانیہ کی جانب سے یورپی یونین چھوڑنے کے بعد فرانسیسی مچھیروں کوبرطانوی پانیوں میں شکار کرنے کے لیے لائسنس جاری نہیں کیے جارہے ہیں جو کہ باعث تشویش ہے۔
