اسلام آباد: پاکستان نے بھارت میں مسلمانوں پر ہندو انتہا پسندوں کے حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور عالمی برادری سے بھارت میں بڑھتے اسلاموفوبیا کو روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔
بھارت میں تری پورہ میں ایک ہفتہ سے مسلمانوں کے خلاف کارروائیوں میں ہندو جنون آخری حد پار کرنے لگا ہے۔ مسلمانوں کے گھروں اور دکانوں کی توڑ پھوڑ کی گئی ہے۔ انتہا پسند ہندوؤں کی جانب سے مساجد کی بےحرمتی کی گئی۔ پاکستان نے مسلمانوں کے خلاف کارروائیوں کی سخت مذمت کی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ آسام میں دہائیوں سے آباد مسلمانوں کو جبری بےدخل اور نشانہ بنایا جا رہا ہے، آج کے بھارت میں اقلیتوں کے لیے گنجائش نہ ہونے کے برابر ہے، ہندوتوا کے زیرِ اثر بی جے پی، آر ایس ایس کی حکومت خاموش رہی۔
پاکستان نے کہا کہ بھارت کی مقامی مسلمان تنظیموں نے بار بار مدد کی درخواست کی ہے، مودی سرکار کی ان واقعات پر کوئی قانونی گرفت نہیں ہے۔
دفتر خارجہ نے مطالبہ کیا ہے کہ دنیا اقلیتوں خاص طور پر مسلمانوں پر حملے روکنے میں کردار ادا کرے، عالمی برادری بھارت میں بڑھتے اسلاموفوبیا کو روکے، دنیا مسلمانوں کی املاک کی حفاظت یقینی بنانے کیلئے کردار ادا کرے، عالمی برادری بھارت میں مسلمانوں کی سلامتی وتحفظ کو یقینی بنائے۔

