
حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے مہنگائی کے خلاف حیدرآباد پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ اور دھرنا دیا گیا اس موقع پر پی پی کے سینیٹر مولا بخش چانڈیو، صوبائی وزیر آبپاشی جام خان شورو، صوبائی مشیر صغیر قریشی ،رکن قومی اسمبلی طارق شاہ جاموٹ، پی پی لیڈیز ونگ کی رہنما رکن اسمبلی شفتہ جمانی ودیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ عمران خان نے بدترین مہنگائی کے ذریعے عوام پرظلم کی انتہا کردی ہے،عوام کی زندگی اجیرن ہوگئی ہے،موجود حکومت نے حلف اٹھاتے ہی عوام کا خون چوسنا شروع کردیا مہنگائی سے ہر شخص پریشان ہے کھانے پینے کی اشیاء مہنگی ہونے کے باعث غریب دو وقت کی روٹی کو بھی ترس گئے ہیں عوام حکمرانوں سے بیزار ہوچکے ہیں اب وہ نجات چاہتے ہیں عوام کو روز گاردینے کا دعویداروں نے پہلے میڈیا سے لوگوں کو بیروزگار کیا اب مختلف اداروں سے ہزاروں افرادنکال کر بے روز گار کردیا۔ انہوں نے کہاکہ عوام پیپلزپارٹی کی جانب دیکھ رہے ہیں کیونکہ وہ سمجھتے ہیں کہ حقیقی جمہوری اورعوام دوست پارٹی صرف پیپلزپارٹی ہے اور انشاء اللہ پیپلزپارٹی جلدعوام کو ظالم حکومت سے نجات دلائے گی اس موقع پراحسان ابڑو، علی محمد سہتو ودیگر بھی موجود تھے ۔
