
روم (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکا کے صدر جو بائیڈن جی 20 اجلاس میں شرکت کرنے کے لیے اٹلی کے دارالحکومت روم پہنچ گئے۔ غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق امریکی صدر جو بائیڈن نے ویٹی کن سٹی میں پوپ فرانسس سے ملاقات کی۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق جو بائیڈن جان ایف کینیڈی کے بعد امریکا کے دوسرے کیتھولک صدر ہیں۔ اپنے دورے کے دوران امریکا کے صدر جو بائیڈن نے فرانس کے صدر عمانویل ماکروں سے سے بھی ملاقات کی۔ واضح رہے کہ گزشتہ ماہ آسٹریلیا کو جوہری آبدوز ٹیکنالوجی دینے کے معاملے پر امریکا اور فرانس کے درمیان تنازع شروع ہوا تھا،جس کے بعد دونوں ممالک کے سربراہان کی یہ پہلی ملاقات ہے۔ خبررساں اداروں کے مطابق اطالوی دارالحکومت میں ترقی یافتہ ممالک کی تنظیم جی 20کا سرابرہ اجلاس 30 اور 31اکتوبر کو منعقد ہوگا۔ اٹلی کے حکام کا کہنا ہے کہ اس موقع پر شہر اور ملحق علاقوں میں 5ہزار 300پولیس اہل کاروں کو تعینات کیا گیا ہے۔ روم کے اسکولوں میں جمعہ کے روز سے تعلیمی سرگرمیاں معطل کر دی گئیں، تا کہ سڑکوں کی ناکابندی کی وجہ سے طلبہ کو پریشانی نہ ہو۔ ادھر جی 20سربراہ اجلاس کے موقع پر موسمیاتی تبدیلیوں کے خلاف سرگرم تنظیموں اور انسانی حقوق سے متعلق اداروں کی جانب سے بھی روم میں مظاہرے منعقد کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
