سینئر سول کورٹ جنوبی کی عدالت میں اورنگی ٹاﺅن میں کے الیکٹرک کی مبینہ غفلت سے 6 سالہ بچے کی ہلاکت پر لواحقین نے کے الیکٹرک کے خلاف ایک کروڑ 44 لاکھ کا ہرجانے کا دعوی دائر کردیا۔ہفتہ کوعثمان فاروق ایڈوکیٹ کے توسط سے دائر دعوی میں موقف اپنایا گیا ہے کہ 17 جنوری کو کے الیکٹرک کی کی غفلت کی وجہ سے دو بچے شدید زخمی ہوئے۔
بچے بالکونی میں کھیل رہے تھے کہ اچانک دھماکہ ہوا۔ واقع میں 6 سالہ بچہ موقع پر ہلاک ہوگیا تھا جبکہ ایک شدید زخمی ہوا۔ کے الیکٹرک 11 ہزار وولٹیج تاریں گھر کی بالکنی میں لگی ہوئیں تھیں۔ خطرناک تاروں سے شہریوں کو محفوظ رکھنا کے الیکٹرک کی ذمہ داری ہے۔ کے الیکٹرک کی کھلی تاروں کی وجہ سے بچے کی ہلاکت ہوئی۔ کے الیکٹرک والے متاثرین کی داد رسی تک نہیں آئے۔ کے الیکٹرک متاثرین کو معاوضہ دینے کی ذمے دار ہے۔

