English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

کورونا سے اموات میں ٹھیراؤ‘ پابندیوں میں مزیدنرمی کافیصلہ

القمر

اسلام آباد/ کراچی (صباح نیوز/ اسٹاف رپورٹر/ مانیٹرنگ ڈیسک) حکومت نے ملک میںکورونا سے اموات میں ٹھیرائو کے بعد پابندیوں میں مزید نرمی کا فیصلہ کرلیا۔ ملک میں کورونا سے مزید 10 افراد انتقال کرگئے اور مزید 650 سے زاید کیسز بھی رپورٹ ہوئے
۔ویب سائٹ (covid.gov.pk) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 45690 ٹیسٹ کیے گئے‘ مثبت کیسز کی شرح 1.44 فیصد رہی‘ مجموعی ہلاکتوں کی تعداد 28439 ہوگئی اور مجموعی کیسز 12 لاکھ 72 ہزار 345 تک جا پہنچے ہیں ‘ مجموعی طور پر صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 12 لاکھ 20 ہزار 941 ہو گئی ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کورونا وائرس کی صورتحال بیان کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران مزید 4 مریض انتقال کر گئے جبکہ 477 کیسز رپورٹ ہوئے اور 91 صحتیاب ہوئے ہیں‘ اس وقت 12004 مریض زیرعلاج ہیں‘ 214 کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے‘ صوبے بھر کے477 نئے کیسز میں سے64 کا تعلق کراچی سے ہے ۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے کورونا ویکسی نیشن میں کارکردگی دکھانے والے شہروں میں معمولات زندگی درجہ بدرجہ معمول پر لانے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت 60فیصد ویکسی نیشن والے شہروں سے پابندیاں اٹھانے کا اعلان کیا گیا۔این سی او سی کے سربراہ اسد عمر کی سربراہی میں اجلاس ہوا۔ این سی او سی اعلامیے کے مطابق اسلام آباد، منڈی بہائوالدین، گلگت اور میرپور کو 60 فیصد آبادی کو ویکسین لگانے پر بہترین شہر قرار دیا گیا جبکہ 40 سے60 فیصد آبادی کو ویکسین لگانے پر راولپنڈی، اسکردو، ہنزہ، باغ، بھمبر، جہلم، پشاور، غذر اور کھرمنگ کو بھی ویکسین شدہ شہر قرار دیا گیا۔ این سی او سی نے کہا کہ بہترین ویکسین شدہ شہروں میں اجتماعات اور شادی بیاہ میں نافذ پابندیاں ہٹادی گئی ہیں جب کہ ان شہروں میں اسپورٹس گرائونڈز، تجارت، ان ڈور ڈائننگ اور کاروبار سے بھی پابندیاں اٹھالی گئیں۔این سی او سی کے مطابق بہترین ویکسین شدہ شہروں میں پبلک ٹرانسپورٹ کے حوالے سے اندرون، بین الاضلاعی سفر میں مسافروں کی تعداد 100فیصد کردی گئی جبکہ کم ویکسین شدہ شہروں میں مسافروں کی تعداد کو 80فیصد تک رکھا گیا، کم ویکسین شدہ شہروں میں اجتماعات، شادی بیاہ اور اسپورٹس گرائونڈز میں پابندیاں 15نومبر تک رہیں گی‘ ان شہروں میں تجارت،کاروبار، انڈورڈائننگ، سنیما، جم، مزارات اور ٹرانسپورٹ سیکٹر میں پابندیاں رہیں گی۔ کم ویکسین شدہ شہروں میں عوامی اجتماعات میں شرکا کی تعداد 300 سے500 تک برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ تمام سہولیات کا تسلسل مکمل ویکسین لگوانے اور ماسک کے لازمی استعمال سے مشروط ہے۔این سی او سی نے کہا کہ 12نومبر کو ہونے والے اجلاس میں فیصلوں پر نظر ثانی کی جائے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے