لاہور(نمائندہ جسارت) حلقہ این اے133 کے ضمنی انتخاب میں حصہ لینے والے پی ٹی آئی امیدواروں کے کاغذات نامزدگی مسترد ہو گئے۔ پی ٹی آئی کے امیدوار جمشید اقبال چیمہ اور ان کی اہلیہ کورنگ امیدوار مسرت جمشید چیمہ کے کاغذات مسترد کر دیے گئے۔ ان کے کاغذات نامزدگی پر ن لیگ نے اعتراض کیا تھا، ن لیگ نے اعتراض کیا تھا کہ کاغذات نامزدگی کے
تائید اور تجویز کنندہ کا تعلق این اے133 سے نہیں ہے۔ ریٹرننگ افسر نے ہفتہ کی دوپہر ایک گھنٹے سے زائد وقت اعتراضات پر سماعت کی۔ ریٹرننگ افسر کے مطابق دونوں کے کاغذات نامزدگی کا تجویز کنندہ حلقے سے تعلق نہیں رکھتے تھے، اس وجہ سے دونوں کے کاغذات مسترد کیے گئے ہیں۔ واضح رہے کہ جمشید اقبال چیمہ نے گذشتہ دنوں ضمنی انتخاب میں حصہ لینے کے لیے وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے تحفظ خوراک کے عہدے سے استعفیٰ دیا تھا۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے این اے133 کے ضمنی انتخاب میں حصہ لینے والے14 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور کر لیے ہیں۔ اس حلقے میں مسلم لیگ ن کی شائستہ پرویز اور پاکستان پیپلزپارٹی کے امیدوار چودھری اسلم گل کے کاغذات نامزدگی منظور کیے جا چکے ہیں، خیال رہے کہ این اے 133 لاہور میں ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ 5 دسمبرکو ہوگی۔ یہ نشست مسلم لیگ ن کے رکن پرویز ملک کے انتقال سے خالی ہوئی تھی۔
