English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

اقوام متحدہ میں اسرائیل کے مندوب نے انسانی حقوق کی رپورٹ پھاڑدی

القمر

نیویارک (انٹرنیشنل ڈیسک) اقوام متحدہ میں اسرائیل کے مندوب جلعاد اردان نے اپنے خطاب کے بعد اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کی رپورٹ کو پھاڑا ڈالا۔ انہوںنے کہا کہ یہ رپورٹ کچرے میں پھینکے جانے کے قابل ہے۔ اسرائیلی مندوب نے انسانی حقوق کونسل کی سالانہ رپورٹ پر شدید نکتہ چینی کی۔ ان کا کہنا تھا کہ انسانی حقوق کونسل 15 برس قبل اپنے قیام کے بعد سے اب تک اسرائیل کی مذمت اور اس پر نکتہ چینی کے لیے 95 قرار دادیں پیش کر چکی ہے جب کہ بقیہ پوری دنیا کے ممالک کے خلاف کل 142 قرار دادیں پیش کی گئیں۔ اسرائیلی مندوب کے مطابق اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کی رپورٹ جانب دارانہ ہے۔ اس لیے کہ اس میں حماس تنظیم اور اس کی جانب سے اسرائیل پر داغے جانے والے راکٹوں کو یکسر نظر انداز کیا گیا ہے۔دوسری جانب قابض صہیونی فوج نے فلسطینیوں کی 2ہفتہ وار ریلیوں پر طاقت کا استعمال کیا جس کے نتیجے میں کئی فلسطینی زخمی ہوگئے۔ قابض فوج نے مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر قلقیلیہ میں کفر قدوم کے مقام پر فلسطینیوں نے 17 سال سے بند سڑک کھولنے کے لیے ہونے والے احتجاج کے دوران ریلی کے شرکا کو منتشر کرنے پر فائرنگ اور آنسوگیس کی شیلنگ کی جس کے نتیجے میں 2 فلسطینی زخمی ہوگئے۔ ادھر بیت دجن میں ایک فلسطینی ریلی پر اسرائیلی فوج کی فائرنگ اور آنسوگیس کی شیلنگ سے کئی فلسطینی زخمی ہوگئے۔مقامی ذرائع ابلاغ نے بتایا کہ قابض فوج نے کفر قدوم قصبے پر دھاوا بولا اور فلسطینیوں کی نکالی گئی ریلی پر فائرنگ کی ۔ قابض فوج نے 5 مظاہرین کو احتجاجی مظاہرے میں حصہ لینے کے الزام میں گرفتار کرلیا۔ یاد رہے کہ گزشتہ 17 سال سے قلقیلیہ اور نابلس کو ملانے والی سڑک کی بندش کے خلاف کفر قدوم کے مقام پر فلسطینی شہری گزشتہ 9 سال سے ہفتہ وار مظاہرے کرتے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے