
میرپور: تھانہ سٹی میرپور نے آسٹریلیا و دیگر ممالک میں کارگو کے ذریعے کروڑوں روپے کی ہیروئین اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا کر دو ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ پولیس نے کاروبار سے وابستہ ملزماں کا کھوج لگالیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایس ایچ او سٹی راجہ زوہیب طاہر نے ڈی آئی جی آفس سے اپنی ٹرانسفر بھمبر ہونے کے بعد تھانہ سٹی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایس ایس پی راجہ عرفان سلیم کی منشیات فروشوں کے خلاف ٹاسک پر ہمیں مثبت نتائج ملے ہیں اور منشیات اسمگلر گینگ کے پرویز اقبال بٹ اور نجیب اللہ پٹھان کو گرفتار کرتے ہوئے کروڑوں روپے مالیت کی پانج کلو سے زائد ہیروئین برآمد کرلی ہے۔
ایس ایچ او کے مطابق ملزمان جیکٹس اور دیگر سامان میں مختلف انداز سے ہیروئین آسٹریلیا و دیگر ممالک میں بھیجنے کا دھندہ کرتے تھے جنہیں بھرپور محنت سے رنگ ہاتھوں قابو کرلیا ہے۔ خیال رہے پولیس کے مطابق ملزم پرویز اقبال بٹ میرپور شہر میں طویل عرصہ سے فرنیچر کے کاروبار سے وابستہ ہے اور اسکے شو روم پر شہر و گردونواح کے شرفا کا آنا جانا تھا، اتنے عرصہ بعد پولیس نے ملزم کے اسمگلر ہونے کا کھوج کیسے لگایا؟
دوسری اہم بات ایس ایچ او جو کہ چند روز پہلے تک پولیس ڈیپارٹمنٹ کی آنکھ کا تارا اور گزشتہ ماہ بہترین ایس ایچ او کے طور پر سرٹیفکیٹ بھی وصول کر چکاہے، اچانک اس کا تبادلہ کر دیا گیاہے۔
دوسری جانب ایس ایچ او پر یہ بھی الزام عائد کیا جارہا ہے کہ ایس ایچ او نے وزیراعظم آزاد کشمیر کے ایک عزیز کو تشدد کا نشانہ بنایا ہے شائد اس لئے اچانک تبادلہ کیا گیا ۔
