English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

مقبوضہ کشمیر:قابض بھارتی فورسز نے مزید 2 نوجوانوں کوگرفتارکرلیا

القمر

سری نگر(اے پی پی)غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارت کے بدنام زمانہ تحقیقاتی ادارے این آئی اے نے سری نگر اور سوپور سے مزید 2 کشمیریوں کو گرفتار کرلیا ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق گرفتار افراد میں سری نگر کے رہائشی اشفاق احمد وانی اور سوپور کے عمر بٹ شامل ہیں جنہیں 10 اکتوبر 2021 ء کو درج کیے گئے ایک جھوٹے مقدمے کے سلسلے میں گرفتار کیا گیا۔علاوہ ازیں غیر قانونی طور پربھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی)کے رہنمائوں اور کارکنوں نے سری نگر میں احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ میں پاکستان کی جیت کا جشن منانے پر بھارتی ریاست اتر پردیش میں گرفتارکیے گئے کشمیری طلبہ کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق پی ڈی پی کی یوتھ ونگ کے کوآرڈی نیٹر نجم الثاقب نے سری نگر میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جموں وکشمیر خطرے کی زد میں ہے اور بھارت میں زیر تعلیم کشمیری نوجوانوں کو پاکستان کی جیت پر خوشی کا اظہارکرنے پر گرفتارکیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہاکہ جموںوکشمیر میں امن کے بارے میں حکام کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے کیونکہ عام شہری مارے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کیا یہ پرامن ماحول ہے۔دوسری جانب غیر قانونی طور پربھارت کے زیرتسلط جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے حریت رہنمائو ں اور کارکنوں، سرکاری ملازمین، طلبہ اور صحافیوں سمیت تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے لوگوں کے خلاف طاقت کے وحشیانہ استعمال کی شدید مذمت کی ہے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس نے سری نگر میں جاری ایک بیان میں مزاحمتی تحریک کو تمام تر مشکلات کے باوجود منطقی انجام تک پہنچانے کے کشمیریوں کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔ بیان میں کہا گیا کہ اس حقیقت کے باوجود کہ10لاکھ بھارتی فوجیوں نے علاقے میں خوف ودہشت کا ماحول قائم کررکھا ہے،بہادر کشمیری عوام سینہ تان کر بھارتی مظالم کا مقابلہ کر رہے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے