ملبوسات کی 3 روزہ عالمی نمائش ٹیکس ورلڈ 7 فروری 2022 سے شروع ہوگی جو 9 فروری تک جاری رہے گی۔ ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (ٹڈاپ) مذکورہ نمائش میں پاکستان پویلین کے ساتھ شرکت کرے گا، ٹڈاپ کاٹن وبلینڈز، ڈینم،فیبرکس ودیگر اسٹالز پر سبسڈی فراہم کررہا ہے۔
ٹیکس ورلڈ اپیرل سورسنگ پیرس کا انعقاد پیرس میں ہوگا۔ پیرس دنیا کے بڑے فیشن دارالحکومتوں میں سے ایک کے طور پر یورپ، مغربی اور مشرقی اور مشرق وسطی کی مارکیٹوں میں برانڈز کو فروغ دینے اورانہیں فروخت کرنے کے لیے بہترین جگہ ہے۔
پاکستان میں خریداروں کو کس طرح بڑھانا ہے اس کیلئے یہ نمائش یورپی مارکیٹ کو سمجھنے میں مدد دے گی۔ ٹڈاپ کاٹن اور بلینڈز، ڈینم،ایکو فرینڈلی فیبرکس، ڈریپری، ایمبرائیڈری اور لیس، مصنوعی کھال، فائبرز، فنکشنل اینڈ اسپورٹس ویئر، جیکوارڈ،نٹنگ فیبرکس، لینن اور ہیمپ، شرٹنگ، سلک، اون، مردانہ لباس، خواتین کے لباس، بچوں کے لباس، فیشن کے لوازمات اور شالیں اور اسکارف وغیرہ کی برآمدات بڑھانے کے لیے سبسڈی والے اسٹالز فراہم کر رہا ہے۔
ٹڈاپ نے کپڑے کے لیے اسٹینڈز 11 لاکھ 85 ہزار روپے میں، ڈینم کے لیے 11 لاکھ 95 ہزار روپے اور ملبوسات کے لیے 8 لاکھ 10 ہزار روپے میں دینے کا اعلان کیا ہے جبکہ سبسڈی کے بغیر براہ راست اسٹینڈز کپڑے اور ڈینم کے لیے 18 لاکھ 66 ہزار روپے میں جبکہ ملبوسات کے لیے 12 لاکھ 35 ہزار 480 روپے میں فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
درخواست دینے کی آخری تاریخ 10 نومبر 2021 ہے۔ میسے فرینکفرٹ پاکستان کے نمائندے عمر صلاح الدین کے مطابق فروری 2019 کے شو میں 26 ممالک سے مجموعی طور پر 1,153 نمائش کنندگان اور 110 ممالک کے 13ہزار 292 شرکا نے شرکت کی۔ ان میں نمایاں ممالک میں فرانس (2613) اسپین (1002) برطانیہ (997) ترکی (947) اٹلی (940) جرمنی (600) امریکا (415) برازیل (359) نیدرلینڈز (350) شامل تھے۔

