English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

امارات کا اپنے شہریوں سے جلد لبنان چھوڑنے پر زور

القمر

ابوظبی (انٹرنیشنل ڈیسک) متحدہ عرب امارات نے بیروت سے اپنا سفیر واپس بلانے کے بعد لبنان میں موجود اپنے شہریوں کو بھی وطن لوٹنے کی ہدایت کردی۔ اماراتی وزارت خارجہ نے لبنان میں موجود اپنے تمام شہریوں سے جلد از جلد واپس اپنے ملک آنے کا مطالبہ کیا۔ بیان میں کہا گیا کہ وزارت ضروری اقدامات کررہی ہے، تاکہ واپس آنے والے شہریوں کو سہولیات فراہم کی جائیں۔ یاد رہے کہ اس سے قبل لبنانی وزیر اطلاعات نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ یمن میں ایرانی حمایت یافتہ حوثی بیرونی جارحیت کے خلاف اپنا دفاع کر رہے ہیں۔ان کے اس بیان کے بعد خلیجی ریاستوں اور بیروت کے درمیان سفارتی تنازع کھڑا ہوگیا تھا۔ سعودی عرب نے جمعہ کے روز لبنانی سفیر کو ملک چھوڑنے کے لیے 48 گھنٹے کی مہلت دی تھی اور بیروت سے اپنا سفیر واپس بلا لیا تھا۔ بحرین اور کویت کی جانب سے بھی فوری طور پر اسی طرح کے اقدامات کیے گئے تھے جس کے بعد امارات نے بھی ریاض سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے بیروت سے اپنے سفیر کو واپس بلالیا تھا۔دوسری جانب لبنانی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ حزب اللہ حکومت کا حصہ ہے، سعودی عرب اور امارات کا ردعمل ناقابل فہم ہے۔ وزیر خارجہ عبداللہ بہبیب نے بتایا کہ سیاسی بحران حل کرنے کے لیے خصوصی ڈیسک قائم کیا گیا، تاہم وہ کامیاب نہیں ہوسکا۔

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے