پاکستان بھر میں ڈینگی کےواقعات میں تیزی سے اضافہ جاری ہے۔
صوبہ پنجاب میں ڈینگی سے اموات کی تعداد 63 ہوگئی۔ اسلام آباد اور خیبر پختونخوا میں بھی ڈینگی کے کیسز اور اموات میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
پنجاب میں مزید 561 کیسز رپورٹ ہوئے، مجموعی کیسز کی تعداد 17 ہزار 588 ہوگئی، جبکہ مجموعی اموات کی تعداد 63 ہے۔ سیکریٹری ہیلتھ عمران سکندر بلوچ کا کہنا ہے کہ لاہور کے اسپتالوں میں ڈینگی کے ایک ہزار 562 مریضوں کا علاج معالجہ ہو رہا ہے ، پنجاب بھر کے سرکاری اسپتالوں میں ڈینگی کے مریضوں کے لئے 5 ہزار 436 بستر مختص کئے گئے ہیں۔
ادھر اسلام آباد میں بھی ڈینگی کے وار جاری ہیں، مزید 86 افراد مریض سامنے آگئے۔ وفاقی دارالحکومت میں ڈینگی کے مجموعی مریضوں کی تعداد 4 ہزار 71 ہے۔ اسلام آباد میں جاں بحق افراد کی تعداد 17 ہے۔
خیبر پختونخوا میں ڈینگی کے مزید 183 کیسز رپورٹ ہوئے، پشاور میں ڈینگی کے مریضوں کی تعداد 7 ہزار 843 ہوگئی، جبکہ صوبے میں جاں بحق ہونے والوں کی مجموعی تعداد 9 ہے۔ پشاور میں متاثرہ افراد کی تعداد 3 ہزار 599 ہوگئی۔
