
اسلام آباد(نمائندہ جسارت) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کرپشن اخلاقی تباہی کی نشانی ہے،برائی وزیر اعظم اور وزیروں سے شروع ہوکر نیچے تک چلی جاتی ہے،ایسا معاشرہ ڈیل کرتا ہے، این آر او دیتا ہے، ہمارے ملک میں چوری اور کرپشن کو گناہ نہیں سمجھا گیا،پہلے اخلاقیات گرتی ہے پھر معیشت کا زوال آتا ہے، ہماری اخلاقیات گریں تو ہماری معیشت بھی گر گئی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے کیا۔وزیراعظم کاکہنا تھاکہ بڑا انسان وہ ہوتا ہے، جس کا خواب بڑا ہوتا ہے، آئیڈلسٹ انسان ہمیشہ دنیا میں بڑے کام کرتا ہے کیونکہ وہ کوشش کرتا ہے، سب سے بڑی قوت ایمان کی ہوتی ہے، ایمان انسان کو آزاد کردیتا ہے، انسان کا امتحان تب ہوتا ہے جب وہ آزمایا جاتا ہے، آزمائش کے وقت پتا چلتا ہے کہ انسان کتنا مضبوط ہے، حق پر کھڑے انسان کو کبھی کمزور نہ سمجھیں، جس معاشرے میں اخلاقیات ہوں اسے ایٹم بم بھی تباہ نہیں کرسکتا۔ عمران خان نے کہا کہ ہر انسان کے پاس 2 راستے ہوتے ہیں ایک عظمت کا اور دوسرا تباہی کا، 60 کی دہائی میں پاکستان تیزی سے ترقی کررہا تھا، ہمارے زمانے میں پاکستان عظیم ملک بن رہا تھا اور پھر ہم آہستہ آہستہ ہم تباہی کے راستے پر چلے گئے، جس معاشرے میں اخلاقیات نہیں ہوتی وہ انصاف بھی نہیں کر سکتااورجو قوم انصاف نہیں کرتی وہ تباہ ہوجاتی ہے،طاقتور کو قانون سے اوپر رکھتے ہیں تو انصاف نہیں کرسکتے۔ان کا مزیدکہنا تھا کہ بنگلا دیش کو پاکستان پر بوجھ سمجھا جاتا تھا لیکن وہ بھی آج ہم سے آگے نکل گیا۔
