English Al Qamar Urdu جون 28, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

جماعت اسلامی نے پنڈوراپیپرزکی انکوائری کیلیے عدالت سے رجوع کرلیا

القمر

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی کے صوبائی نائب امیرسردارظفرحسین خان نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی نے پنڈوراپیپرز اور پاناما لیکس میں شامل تمام افراد کے خلاف آزادانہ انکوائری کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع کرلیا، سپریم کورٹ روزانہ کی بنیاد پر سماعت کرے ۔ دونوں اسکینڈلز میں جتنے بھی پاکستانیوں کے نام آئے ہیں ان کے خلاف غیر جانبدارانہ تحقیقات کے لیے مشترکہ تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی جائے اور حکمران اشرافیہ جس نے غریب پاکستانی قوم کے اربوں روپے لوٹ کر آف شور کمپنیوں کے ذریعے بیرون ملک جائیدادیں بنائیں کو کٹہرے میں کھڑا کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ پاناما لیکس پر سپریم کورٹ میں دائر کی گئی ہماری درخواست چار سال سے عملدرآمد کی منتظر تھی کہ پینڈورا پیپرز اسکینڈل بھی منظرعام پر آگیا۔ جماعت اسلامی نے ایک دفعہ پھر اس یقین کے ساتھ عدالت عظمیٰ کا دروازہ کھٹکھٹایا ہے کہ پاکستانی قوم کو اب انصاف ملے گا۔ جماعت اسلامی کو وزیراعظم کی جانب سے بنائے گئے انکوائری سیل پر رتی برابر اعتماد نہیں۔ پینڈورا پیپرز اسکینڈل کو منظر عام پر آئے ہوئے پچاس دن سے زیادہ گزر چکے ہیں، جن لوگوں کے نام اسکینڈل میں آئے وہ یاتو پی ٹی آئی ، ن لیگ اور پی پی کے ممبرز ہیں یا سابق جنرلز، ججز ، بزنس مین اور بیوروکریٹس ہیں۔ انہوں نے کہا کہ طاقتور اشرافیہ قانون سے بالاتر، ملک کے اربوں ڈالر قرضہ اور غریب پاکستانیوں کے مصائب اور مشکلات کی ذمے دار ہے۔ ملک کی ظالم اشرافیہ کو دولت اور طاقت کی حرص نے پاگل بنادیا ہے۔ حکمران جماعت اور دونوں نام نہاد بڑی اپوزیشن پارٹیوں کو قوم کے مسائل سے کوئی سروکار نہیں۔ لوگ مہنگائی اور بیروزگاری کی وجہ سے خودکشیاں کررہے ہیں، سات کروڑ پاکستانی خطِ غربت سے نیچے ، ڈھائی کروڑ بچے اسکولوں سے باہر اور غریب کو اسپتال سے ڈسپرین کو گولی تک نہیں ملتی۔ مگر مجال ہے جو حکمرانوں کے کان پر جوں بھی رینگ رہی ہو۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے