پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد بنگلادیش کو پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں 4 وکٹ سے شکست دے دی ہے۔
ڈھاکہ کے شیر بنگلہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں بنگلا دیش نے پاکستان کو جیت کے لیے 128 رنز کا ہدف دیا، جسے پاکستان نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 4 گیندیں قبل حاصل کرلیا۔
بنگلا دیش کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز اچھا نہ رہا، محمد رضوان اور بابراعظم صرف 22 رنز کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹ گئے، جبکہ حیدر علی اور شعیب ملک بھی بغیر کھاتہ کھولے پویلین لوٹ گئے۔
24 رنز پر 4 وکٹیں گرنے کے بعد قومی ٹیم مشکلات کا شکار ہوگئی جس کے بعد فخرزمان اور خوشدل نے مزاحمت کی اور اسکور کو آگے بڑھایا، دونوں کے درمیان 56 رنز کی شراکت قائم ہوئی تاہم اس موق پر فخر زمان 34 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے، کچھ ہی دیر بعد خوشدل بھی 34 رنز بناکر پولین لوٹ گئے۔
قومی ٹیم کو اس موقع پر تین اوورز میں 32 رنز درکار تھے، محمد نواز اور شاداب خان نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور 36 رنز کی شراکت قائم کی جس کی بدولت قومی ٹیم نے 127 رنز کا ہدف 19.2 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔
شاداب خان 10 گیندوں پر 21 اور محمد نواز 8 گیندوں پر 18 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔
بنگلہ دیش کی جانب سے تسکین احمد نے 2، مستفیض الرحمان، مہدی حسن اور شریفل اسلام نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

