ابوظہبی (نمائندہ خصوصی) ٹیم ابوظہبی نے ابوظہبی ٹی 10 کے5ویں سیزن میں ہفتے کے روز ناردرن واریئرز کو 21 رنز سے شکست دے کر مسلسل دوسری فتح حاصل کی کپتان لیام لیونگ اسٹون نے 23 گیندوں پر 68* رنز کی شاندار اننگز کھیل کر ٹیم ابوظہبی کو اپنے 10 اوورز میں 132/5 کا مجموعی اسکور کرنے میں مدد فراہم کی اور اس کے بعد ٹیم ابوظہبی کے گیند بازوں نے وقفے وقفے سے وکٹیں حاصل کرکے واریئرز کو 111/ تک محدود کردیا۔ کینر لیوس نے تیسرے اوور میں جیمی اوورٹن کو3 چھکے لگا کر ناردرن واریئرز کو کھیل میں رکھا، تاہم ڈینی بریگز نے اگلے اوور میں پٹیل اور کینر لیوس کو آؤٹ کرکے ٹیم ابوظہبی کے لیے فتح کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ کپتان روومین پاول نے 19 گیندوں پر 42 رنز کی اننگز کے ساتھ اپنی ٹیم کے لئے اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا ، لیکن انہیں دوسرے اینڈ سے زیادہ تعاون نہیں ملا۔ نوین الحق نے میچ کو مکمل طور پر ٹیم ابوظہبی کے حق میں جھکا دیا جب انہوں نے نویں اوور میں پاول اور جارڈن کو آوٹ کر کے وارئیرز کو اپنے ہدف سے 37 رنز پیچھے ہٹا دیا۔ اس سے قبل ناردرن واریئرز کے گیند بازوں نے وقفے وقفے سے وکٹیں حاصل کرکے ٹیم ابوظہبی کو مشکل میں ڈالے رکھا لیکن ہارڈ ہٹنگ پال سٹرلنگ کو سمت پٹیل نے دوسرے اوور میں پہلی گیند پرآوٹ کیا کرس گیل کو پانچویں اوور میں صرف 9 رنز پر ریاد ایمرت نے آؤٹ کردیا۔