English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

کارڈیالوجسٹ سمیت پاکستان کے 61 فیصد ڈاکٹر موٹاپے کا شکار،تحقیق

کراچی:پاکستان میں ماہرین امراض قلب سمیت 61 فیصد ڈاکٹر موٹاپے کی بیماری کا شکار ہیں جبکہ ساڑھے سات فیصد ڈاکٹر سگریٹ نوشی کی عادت میں مبتلا ہیں۔

اس بات کا انکشاف قومی ادارہ برائے امراض قلب کے ریسرچر ڈاکٹر سالک احمد میمن کی جانب سے کی جانے والی تحقیق میں کیا گیا جو کہ اتوار کے روز پانچویں کاڈیالوجی ریسرچ ایوارڈ کی تقسیم انعامات کے موقع پر پیش کی گئی۔

پاکستان کارڈیک سوسائٹی کی 50 ویں سالانہ کانفرنس کے اختتامی روز پاکستان بھر سے آئے ہوئے نوجوان تحقیق کاروں اور ڈاکٹروں کہ طبی تحقیق اور ریسرچ پیپرز کی جانچ پڑتال کے بعد 6 نوجوان تحقیق کاروں کو نقد انعام دیے گئے۔

قومی ادارہ برائے امراض قلب سے وابستہ ڈاکٹر سالک میمن کے مطابق انہوں نے پاکستان بھر کے 159 ڈاکٹروں اور ماہرین امراض قلب کے انٹرویو کئے اور ان کے میڈیکل ٹیسٹ کروائے اور حیران کن طور پر ان میں سے تقریبا 21 فیصد ڈاکٹر موٹاپے کی بیماری یا ‘اوبیسٹی’ کا شکار تھے جبکہ 40 فیصد ڈاکٹروں کا وزن مروجہ پیمانوں سے کافی زیادہ تھا۔

 ڈاکٹر سالک احمد نے مزید بتایا کہ تقریبا ساڑھے سات فیصد ڈاکٹر سگریٹ نوشی کی عادت میں مبتلا نکلے، ان تمام ڈاکٹروں میں 26 فیصد سے زائد کے خاندان میں دل کی بیماریاں موجود تھی، لیکن ان میں سے صرف 65 فیصد کو اس بات کا علم تھا کہ انہیں ہفتے میں ڈھائی گھنٹے سے زائد وقت ورزش کرنی چاہیے۔

تحقیق کے دوران یہ بات بھی سامنے آئی کہ کہ ان تمام ڈاکٹروں میں سے صرف 26فیصد ڈاکٹر باقاعدگی سے ایکسرسائز کرتے ہیں جبکہ دیگر کا کہنا تھا کہ انہیں اتنا ٹائم ہی نہیں ملتا کہ وہ واک یا باقاعدگی کے ساتھ ورزش کرسکیں۔

اپنی دلچسپ تحقیق کے باوجود ڈاکٹر سالک میمن کارڈیالوجی ریسرچ ایوارڈ حاصل کرنے میں ناکام رہے اور لاہور کے ڈاکٹرز اسپتال کی ڈاکٹر ہما زرتاش کو ہارٹ فیلیئر کے مریضوں میں ‘آرنی’ نامی دوا کے کامیابی سے استعمال پر پہلے انعام سے نوازا گیا جبکہ آغا خان اسپتال کراچی کے سید وقار احمد دوسرے اور قومی ادارہ برائے امراض قلب سے وابستہ ڈاکٹر صنم خواجہ تیسرے انعام کی حقدار قرار پائیں۔

واضح رہے کہ کارڈیالوجی ریسرچ ایوارڈ مقامی دوا ساز ادارے فارمیو کی مالی معاونت سے دیے جاتے ہیں اور نوجوان تحقیق کاروں کو لاکھوں روپے طبی تحقیق کرنے کے لیے فراہم کیے جاتے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے