ابوظہبی (نمائندہ خصوصی) ابوظہبی ٹی 10 کے میچ میں دکن گلیڈی ایٹرز نے دہلی بلز کو یکطرفہ مقابلے کے بعد9وکٹوں سے شکست دے دی، دکن گلیڈی ایٹرز نے 113 رنز کا ہدف باآسانی 8ویں اوور میں حاصل کرلیا، ٹام کوہلر کیڈمور کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ پیر کو ابوظہبی میں کھیلی جارہی ٹی ٹین لیگ کے 9ویں میچ میں دکن گلیڈی ایٹرز کے کپتان وہاب ریاض نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ دہلی بلز کی ٹیم مقررہ 10 اوورز میں112 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ اوپنر ریلی روسو نے 21 بالوں پر 48 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ شرفانے ردھرفورڈ 19 اور رحمان اللہ گرباز 16 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔ ان کے علاوہ کوئی بلے باز نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکا۔ دکن گلیڈی ایٹرز کے بائولر آندرے رسل نے تین کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ ہسارانگا ڈی سلوا اور ٹیمل ملز نے 2,2کٹیں حاصل کیں۔

