English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

سوڈانی مظاہرین کی بڑی فتح ، وزیر اعظم مستعفی

خرطوم: سوڈانی وزیر اعظم عبداللہ حمدوک استعفے کا اعلان کررہے ہیں

 

خرطوم (انٹرنیشنل ڈیسک) سوڈان کے وزیر اعظم عبداللہ حمدوک نے اپنے عہدے سے استعفا دے دیا۔ فوجی بغاوت کے بعد انہیں اس عہدے پر دوبارہ بحال کیا گیا تھا، تاہم 2 ماہ سے بھی کم عرصے میں انہوں نے اس فیصلے کا اعلان کر دیا۔ گزشتہ برس اکتوبر میں فوجی بغاوت کے نتیجے میں ان کی حکومت کا تختہ پلٹ گیا تھا۔ عبداللہ حمدوک نے ٹیلی وژن پر اپنے خطاب میں کہاکہ میں نے یہ ذمے داری واپس کرنے اور وزیر اعظم کے طور پر اپنا استعفادینے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان کے اس اعلان سے چند گھنٹے قبل ہی احتجاجی رہنماؤں نے مظاہرین سے دارالحکومت خرطوم میں سڑکوں پر نکلنے کا مطالبہ کیا تھا۔ انہوں نے فوج سے مطالبہ کیا کہ وہ عبوری حکومت کی منتقلی میں مداخلت بند کرے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق عبد اللہ حمدوک نے فوجی سربراہ جنرل عبد الفتاح برہان کو 2023ء میں انتخابات پر راضی کرنے کے بعد اقتدار سے علاحدگی کا فیصلہ کیاہے۔ یاد رہے کہ 3برس قبل زبردست احتجاجی مظاہروں کے بعد اس وقت کی عمر البشیر کی حکومت کو معزول کر دیا گیا تھا۔اس کے بعد حمدوک فوج کے ساتھ ایک معاہدے کے تحت ملک کے سب سے پہلے وزیر اعظم بنے۔ اس سے قبل وہ اقوام متحدہ کے عہدیدار کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں اور ایک ماہر معاشیات کے طور پر تربیت یافتہ ہیں۔

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے