
کراچی (سید وزیر علی قادری) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجا نے وزیراعلیٰ ہائوس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں جاوید قریشی ممبر بورڈ آف گورنر بھی شریک تھے۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ میں حیدرآباد میں کرکٹ کو بحال کرنا چاہتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد کا اسٹیڈیم بہترین ہے صرف ہوٹل کا مسئلہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم کھلاڑیوں کو ہوائی جہاز کے ذریعے بھی لے جاسکتے ہیں۔یہ منصوبہ پی سی بی سے فائنل کرینگے۔ جب کرکٹ حیدرآباد لے جائینگے تو مزید نیا ٹیلنٹ آگے آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ سکھر میں ہم اسپورٹس کمپلیکس بنا رہے ہیں۔ سکھر کے کمپلیکس میں 2 کرکٹ گراؤنڈز، فٹبال ور دیگر گراؤنڈ ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ پی سی بی کی ٹیکنیکل ٹیم سکھر اسپورٹس کمپلیکس کا دورہ کرے۔ ہم پی سی بی کی رہنمائی میں سکھر کے گراؤنڈز کو بہتر کرینگے۔ ہم سندھ کی ٹیم کواسپانسر کرنے کیلیے تیار ہیں۔پی سی بی کے چیئرمین رمیر راجا نے کہا کہ سندھ میں کرکٹ کے بہترین کھلاڑی ہیں۔ حیدرآباد سے زاہد حسین، لاڑکانہ سے شاہنواز داھانی اور دیگر علاقوں میں اچھے کھلاڑی موجود ہیں۔رمیز راجا نے وزیراعلیٰ سندھ کو پی سی بی کی طرف سے ہر طرح کے سپورٹ کی یقین دہانی کرائی۔انہوں نے کہا کہ ہم سندھ میں مزید ٹیلنٹ تلاش کرینگے۔ سندھ کے دیہی علاقوں میں کرکٹ کو پروموٹ کرینگے۔وزیراعلیٰ سندھ نے رمیز راجا کو شیلڈ، اجرک اور سندھی ٹوپی پیش کی۔ دوسری طرف رمیز راجا نے سندھ حکومت اور سیکورٹی عہدیداران سے بھی ملاقات کی جس میں ایچ بی ایل پی ایس ایل 7 کے پہلے مرحلے کو کامیابی سے منعقد کروانے کے پلان پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں تمام اسٹیک ہولڈرز نے سیکورٹی کلیئرنس میں سہولت فراہم کرنے پر اتفاق کیا۔
