English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

پی سی بی ایوارڈ ، محمد رضوان بہترین کھلاڑی قرار

پی سی بی ایوارڈ حاصل کرنے والے قومی کھلاڑی محمدرضوان،حسن علی،بابراعظم ،شاہین شاہ آفریدی اوروسیم جونیئر کی پروفائل فوٹو

کراچی (سید وزیر علی قادری )کیلنڈر ائر 2021 میں وکٹوں کے پیچھے 56 شکار کرنے کے ساتھ ساتھ ٹیسٹ میں 455 رنز، ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں 134 رنز اور ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں ریکارڈ ساز 1326 رنز بنانے والے محمد رضوان نے سال کے سب سے قیمتی کھلاڑی کا ایوارڈ جیت لیا ہے۔اس ایوارڈ کے لیے محمد رضوان کے علاوہ بابر اعظم، حسن علی اور شاہین شاہ آفریدی کو نامزد کیا گیا تھا۔سال 2021 میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے سال کے سب سے قیمتی کھلاڑی کا ایوارڈ حاصل کرنے کے علاوہ سال کے بہترین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹر کا ایوارڈ بھی اپنے نام کرلیا ہے۔اس موقع پر محمد رضوان کا کہنا تھا کہ انہیں کیلنڈر ایئر 2021 کے سب سے قیمتی کرکٹر کا ایوارڈ جیتنے پر فخر ہے۔ وہ مطمئن ہیں کہ انہوں نے 2021 میں اپنی کارکردگی سے تمام فارمیٹس میں پاکستان کی مجموعی کارکردگی میں اہم کردار ادا کیا۔ 9 ٹیسٹ میچز میں 41 وکٹیں حاصل کرنے پر فاسٹ بولر حسن علی کو سال کا بہترین ٹیسٹ کرکٹر قرار دیا گیا ہے۔ انہوں نے اس سال ایک مرتبہ ایک اننگز میں 10 وکٹیں جبکہ 5مرتبہ ایک اننگز میں 5 وکٹیں حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ 2 پلیئر آف دی میچ اور ایک پلیئر آف دی سیریز کے ایوارڈز بھی جیتے۔حسن علی نے کہا کہ راولپنڈی ٹیسٹ میں جنوبی افریقا کے خلاف 10 وکٹیں حاصل کرنا کیلنڈر ایئر 2021 میں ان کا یادگار لمحہ ہے۔پاکستان کے کپتان بابر اعظم کو 6 ون ڈے میچز میں 2 سنچریوں اور ایک نصف سنچری کی مدد سے 405 رنز بنانے پر ون ڈے کرکٹر آف دی ایئر کا ایوارڈ دیا گیا ہے۔24 اکتوبر کو آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2021 میں دبئی میں بھارت کے خلاف شاہین شاہ آفریدی کے31 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھانے والے بولنگ اسپیل کو سال کا سب سے متاثرکن کارکردگی کا ایوارڈ دیا گیا ہے۔ محمد وسیم جونیئر نے 2021 میں 45 وکٹیں لے کر ابھرتے ہوئے کرکٹر آف دی ایئر کا اعزاز حاصل کیا ہے۔ اس میں 15 انٹرنیشنل وکٹیں بھی شامل ہیں۔صاحبزادہ فرحان نے پاکستان کپ میں 487 رنز، قومی ٹی ٹوئنٹی میں 447 رنز اور قائداعظم ٹرافی میں 935 رنز بنا کر ڈومیسٹک کرکٹر آف دی ایئر کا اعزاز حاصل کیا ہے۔ پی سی بی کے ایلیٹ میچ آفیشلز نے آصف یعقوب کو امپائر آف دی ایئر منتخب کیا ہے۔چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ رمیز راجہ کا کہنا ہے کہ وہ پی سی بی کی طرف سے ہر ایوارڈ جیتنے والے کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ یہ تمام کھلاڑی داد و تحسین کے مستحق ہیں، جنہوں نے 2021 کے دوران شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کیا اور پاکستانی کرکٹ شائقین نے ان کی اس کارکردگی کا بڑے پیمانے پر اعتراف بھی کیا ہے۔

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے