اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ حکومت کے 3 سال معاشی کامیابی کی کہانی ہیں، حکومتی پالیسیوں کی عالمی سطح پر مبصرین نے بھی تعریف کی۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت میکرو اکنامک ایڈوائزری گروپ کا اجلاس ہوا، جس میں وفاقی وزراء شوکت فیاض ترین، حماد اظہر، فواد چوہدری، اسد عمر، مخدوم خسرو بختیار، سید فخر امام، وزیرِ مملکت فرخ حبیب، وزیراعظم کے مشیر عبدالرزاق داؤد،معاونینِ خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر، ڈاکٹر شہباز گل، گورنر اسٹیٹ بنک رضا باقر اور متعلقہ سینئر حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں ملک کی مجموعی معاشی صورتحال کا جائزہ لیا گیا، جبکہ حکومتی اقدامات اور 3 سال میں معاشی سطح پر حکومتی کامیابیوں کا جائزہ بھی لیا گیا۔
اس موقع پر وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے کرونا وائرس کا مقابلہ کرنے میں غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کیا، حکومت کی اسمارٹ لاک ڈاؤن کی پالیسیوں نے معیشت کو مستحکم رفتار سے بڑھایا۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ حکومتی پالیسیوں کی عالمی سطح پر مبصرین نے بھی تعریف کی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کے 3 سال معاشی کامیابی کی کہانی ہیں، ہمیں بہت بڑا گردشی قرضہ اور برآمد مخالف پالیسیاں ورثے میں ملی تھیں، غیر مستحکم مالی حالات اور کم مسابقتی کاروباری ماحول سے بھی نمٹنا تھا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی منڈی میں اجناس کی بلند قیمتوں اور افغانستان میں انسانی بحران کے پاکستان پر بالواسطہ اور بالواسطہ اثرات کے باوجود شرح نمو اب بھی 4 فیصد سے زیادہ رہنے کی توقع ہے، جو کہ ایک بہت بڑی کامیابی ہے۔

