اسلام آباد:وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے)اسلام آباد کی اینٹی کرپشن سرکل ٹیم کی کارروائی،کرپشن کے مقدمے میں مطلوب پاکستان میٹرولوجیکل ڈیپارٹمنٹ کے 3 اہم عہدوں پر فائز افسران کو گرفتار کر لیا گیا،
تفصیلات کے مطابق ملزمان نے باہمی ساز باز کے ذریعے قومی خزانے کو 7 ملین روپے کا نقصان پہنچایا، گرفتار کئے گئے ملزمان میں سابقہ ڈی جی میٹرولوجیکل ڈیپارٹمنٹ سمیت ملزم سہیل سیٹھی ڈاریکٹر SeTech اور سید مشتاق حسین شاہ ڈائریکٹرپی ڈی آرایم سی پشاورشامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق سابقہ ڈی جی میٹرولوجیکل ڈیپارٹمنٹ غلام رسول نے سید مشتاق حسین شاہ ڈائریکٹر کے ساتھ مل کر پپرا (PPRA) رولز کی خلاف ورزی کرتے ہوئے جدید ریڈار سسٹم کی کسٹم کلیئرنس کا معاہدہ جعلی کسٹم کلیئرنس ایجنٹ سہیل سیٹھی سے کرنے کا الزام ہے۔ ڈپٹی ڈائریکٹر اینٹی کرپشن سرکل سید رضوان شاہ کی سربراہی میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر رضوان مہدی نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کیا۔ملزمان سے مطلوبہ رقم کی برآمدگی اور مبینہ کرپشن کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

