(رپورٹ : سید وزیر علی قادری) گوادر میں کرکٹ اسٹیڈیم کے بعد فٹبال اسٹیڈیم کی خوبصورتی نے بھی دنیائے کھیل کو اپنے سحر میں جکڑ لیا ۔ ساحل سمندر سے کچھ فاصلے پر کوہ باطل کے دامن میں بنے فٹبال کے میدان کی خوبصورتی کی تعریف ہر شائق کھیل کی زبان پر ہے۔گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل مجیب الرحمان قمبرانی کا کہنا ہے کہ ایک لاکھ 38 ہزار مربع فٹ رقبے پر پھیلے اس پرانے فٹبال اسٹیڈیم کی گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے نئے سرے سے تزئین و آرائش کی ہے۔ پہلے یہ کھنڈرات کا منظر پیش کررہا تھا اور یہاں کوئی سبزہ نہیں تھا، کھلاڑی دھول مٹی میں کھیلتے تھے ۔ انہوں نے بتایا کہ فٹبال میدان میں خوبصورت سبزہ بچھایا گیا ہے۔ فلڈ لائٹس بھی لگادی گئی ہیں۔ اب رات کو بھی یہاں مقابلے کھیلے جاسکیں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ تماشائیوں کے بیٹھنے کے لئے نیا پویلین ، مہمانوں کے لئے بیٹھنے کی الگ جگہ ، کھلاڑیوں کے لئے کمرے اور دفاتر بنائے گئے ہیں۔ زیر زمین پانی کا ٹینک ،واکنگ ٹریکس اورتماشائیوں کے لئے واش رومزکی تعمیر کے ساتھ ساتھ پہلے سے موجو د چار دیواری کو بلند ، پارکنگ اور دیگر سہولیات کو بھی بہتر بنالیا گیا ہے۔ڈائریکٹر جنرل جی ڈی اے کے مطابق فٹبال اسٹیڈیم کی تزئین و آرائش پر ایک کروڑ 63 لاکھ روپے کی لاگت آئی ہے۔انہوں نے پر جوش انداز میں کہا کہ جلد وزیراعلیٰ بلوچستان اس فٹبال اسٹیڈیم کا افتتاح کریں گے۔مجیب قمبرانی کا کہنا تھا کہ گوادر میں فٹبال کھیل بہت شوق سے کھیلا جاتا ہے ، فٹبال کے شائقین نے میدان کی بہتری پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم پرانی آبادی میں موجود باقی میدانوں کو بھی بہتر کررہے ہیں تاکہ شہر کے نوجوان بہتر اور اچھے ماحول میں صحت مندانہ سرگرمیوں کو جاری رکھ سکیں۔کچھ عرصہ قبل گوادر کے باطل نامی پہاڑ کے دامن میں کرکٹ اسٹیڈیم کی خوبصورتی کی عالمی سطح پر چرچے ہوئے تھے۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل سمیت انٹرنیشنل کرکٹرز نے میدان کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے اس کی خوبصورتی کی تعریف کی تھی۔ اس موقع پر گوادر کے فٹبال کھلاڑی خدا بخش بلوچ نے بتایا کہ فٹبال کا یہ میدان بھی اس کرکٹ اسٹیڈیم سے کچھ ہی فاصلے پر موجود ہے تاہم حالت کافی خراب تھی ، فٹبال کھیلتے ہوئے دھول مٹی اڑتی تھی اور یہاں نوجوان فٹبال کے ساتھ ساتھ کرکٹ بھی کھیلتے تھے۔انہوں نے فٹبال میدان کی حالت بہتر بنانے پر خوشی کا اظہار کیا اور ساتھ یہ توقع بھی ظاہر کی کہ اس میدان تک عام کھلاڑیوں کی رسائی کو آسان بنایا جائے گا۔دریں اثنا گوادر فٹ بال سٹیڈیم کی تزئین و آرائش کا کام مکمل کر لیا گیا ہے اور یہ مستقبل قریب میں ڈومیسٹک فٹ بال میچوں کی میزبانی کے لیے دستیاب ہو گا۔ اس سٹیڈیم کا افتتاح جلد وزیر اعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کریں گے۔ گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل مجیب الرحمان قمبرانی نے انکشاف کیا کہ میر غوث بخش بزنجو فٹ بال سٹیڈیم کی تزئین و آرائش مکمل کر لی گئی ہے اور وزیر اعلی خود ا سٹیڈیم کا افتتاح کریں گے۔انہوں نے ا سٹیڈیم کو دوبارہ تیار کرنے کی ضرورت کے پیچھے تفصیلات کا انکشاف کیا۔ انہوں نے کہا کہ پرانے ا سٹیڈیم میں کھلاڑیوں اور شائقین کے لیے سہولیات موجود نہیں تھیں کیونکہ یہ وقت کے ساتھ ساتھ خراب ہوتا چلا گیا تھا۔انہوں نے مزید کہا کہ ا سٹیڈیم میں فٹ بال کی نئی پچ لگائی گئی ہے اور نائٹ میچز کے لیے فلڈ لائٹس بھی لگائی گئی ہیں۔ تزئین و آرائش کے منصوبے میں شائقین کے لیے بالکل نیا پویلین اور واش رومزبنائے گئے ہیں۔
