English Al Qamar Urdu جون 26, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

بلوچستان: نوشکی اور پنجگور میں سکیورٹی فورسز کے کیمپوں پر حملے، چار مبینہ دہشتگرد اور ایک سپاہی ہلاک

بلوچستان کے پنجگور اور نوشکی کے علاقوں میں سکیورٹی فورسز کے کیمپوں پر بلوچ عسکریت پسندوں کے حملوں اور فوج کی جوابی کارروائی میں چار جنجگو اور فوج کا ایک سپاہی ہلاک ہو گئے۔

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے اپنے بیان میں بتایا ہے کہ پاکستان کے جنوب مغربی صوبہ بلوچستان میں بدھ کی شام مختلف مقامات پر موجود فوج کے دو کیمپوں کو نشانہ بنایا گیا،۔ جس میں ایک فوجی اہلکار مارا گیا۔ بیان کے مطابق فورسز کی جوابی کاروائی میں چار دہشتگرد ہلاک ہو گئے اور حملے کی دونوں کوششیں ناکام بنا دی گئیں۔

پنجگور میں، بیان کے مطابق، سکیورٹی فورسز کے کیمپ میں حملہ آوروں نے دو اطراف سے داخل ہونے کی کوشش کی۔ تاہم، بروقت جوابی کارروائی سے دہشتگردوں کی اس کوشش کو ناکام بنا دیا گیا۔ دونوں اطراف سے شدید فائرنگ کے تبادلے میں ایک فوجی اہلکار ہلاک ہو گیا۔ فوج کے بیان کے مطابق دہشتگرد جائے وقوعہ سے فرار ہو گئے۔ ان کو پہنچنے والے نقصان کا تعین کیا جا رہا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق، دہشتگردوں نے نوشکی میں فرنٹئر کور کیمپ پر بھی حملہ کیا جہاں فورسز نے فوری طور پر جوابی کارروائی کی جس میں چار حملہ آور ہلاک ہو گئے۔ اس کارروائی میں ایک فوجی افسر زخمی ہوا۔


تربت میں لیویز پر فائرنگ، کارروائی میں حکام نے عسکریت پسندوں سے اسلحہ برآمد کرلیا (فائل فوٹو)

تربت میں لیویز پر فائرنگ، کارروائی میں حکام نے عسکریت پسندوں سے اسلحہ برآمد کرلیا (فائل فوٹو)

قبل ازیں پاکستان کے ذرائع ابلاغ نے بدھ کی شام اطلاع دی کہ پنجگور اور نوشکی میں پاکستان کی فوج کے کیمپوں کے نزدیک دو دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں۔ اخبار ڈان کے مطابق، ایف سی کے ترجمان نے ان دھماکوں کی بھی تصدیق کی تھی۔

ذرائع ابلاغ کے مطابق کالعدم بلوچ لیبریشن آرمی (بی ایل اے) نے ایک بیان میں ان حملوں کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔

آئی ایس پی آر نے گزشتہ ہفتے تصدیق کی تھی کہ بلوچستان کے ضلع کیچ میں پچیس اور چھبیس جنوری کی درمیانی رات کو اس کے دس سکیورٹی اہلکاروں کو ایک چوکی پر حملے کے دوران ہلاک کر دیا گیا۔

بلوچ علیحدگی پسندوں کی طرف سے پاکستان کی سکیورٹی فورسز پر یہ تازہ ترین حملے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے