English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

کشمیر ڈے کی آمد پرمودی کی پاکستان دورے کی باتیں؟ کاروباری شخصیت کا بیک ڈور ڈپلومیسی کا بڑا دعوی

پاکستان کی معروف کاروباری شخصیت اور ایڈوائزری کونسل آف دی برٹش ایشین ٹرسٹ کے چیئرمین میاں محمد منشا نے دعویٰ ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان بیک چینل بات چیت جاری ہے اگر دونوں پڑوسی ممالک کے درمیان معاملات بہتر ہوئے تو بھارتی وزیراعظم نریندر مودی ایک ماہ کے اندر پاکستان کا دورہ کرسکتے ہیں۔

مقامی روزنامے کے مطابق لاہور کے ایوان صنعت و تجارت میں صنعت کاروں سے بات کرتے ہوئے نشاط گروپ کے چیئرمین نے دونوں ممالک پر اپنے تنازعات کو حل کرنے اور خطے میں موجود غربت کے خلاف لڑنے کے لیے تجارت شروع کرنے پر زور دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر معیشت بہتر نہیں ہوئی تو ملک تباہ کن نتائج کا سامنا کرے گا، پاکستان کو چاہیے کہ بھارت کے ساتھ تجارتی تعلقات ٹھیک کرے اور معاشی ترقی کے لیے ریجنل اپروچ اپنائے۔

خیال رہے کہ انہوں نے یہ گفتگو ایسے موقع پر کی ہے جبکہ کشمیریوں پر بھارتی مظالم کے خلاف چند دن بعد 5فروری کو دنیا بھر میں ”یوم یکجہتی کشمیر” منایا جائے گا.

 پاکستان اور بھارت کے درمیان تجارتی تعلقات اگست 2019 سے معطل ہیں جب بھارت نے مقبوضہ کشمیر کو خصوصی حیثیت یا خود مختاری دینے والے قانون کو منسوخ کردیا تھا۔

عالمی فورم پر پاکستان کا موقف ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے لوگوں پر بھارتی مظالم، وادی سے اپنی افواج کی واپسی اور علاقے کی خصوصی حیثیت بحال کرنے سے انکار کے باعث مذاکرات کا سلسلہ جاری نہیں رہ سکتا۔

دریں اثنا میاں محمد منشا کا مزید یہ کہنا تھا کہ ملک کے اندر مقامی سطح پر ترقی پسندانہ، منڈی کی ضروریات کے مطابق پالیسیاں کامیابی کے لیے اہم ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ریاست کے اچھے کاموں کو سراہنا چاہیے، یہ اچھی بات ہے کہ ملک میں موٹر ویز بنے، کچھ ترقیاتی کام کافی تیزی سے ہوئے، مگر ریاست کو ان شعبوں پر توجہ دینی چاہیے جہاں سالانہ اربوں روپے ضائع ہورہے ہیں۔

انہوں نے پڑوسی ممالک کے ساتھ تعلقات کی بہتری کی اہمیت پر زور دی اور کہا کہ یورپ کی ترقی کی ایک وجہ اپنی سرحدوں پر آمد و رفت کو آسان بنانا اور باہمی تجارت کو فروغ دینا ہے۔

اس موقعے پر ایل سی سی آئی کے صدر میاں نعمان کبیر نے پاکستان میں ایڈوائزری کونسل آف دی برٹش ایشین ٹرسٹ کا چیئرمین مقرر ہونے پر میاں محمد منشا کو مبارکباد دی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے