English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

قوم قربانیاں دینے والی فورسز کے ساتھ ہے، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ہماری قوم قربانیاں دینے والی سکیورٹی فورسز کے ساتھ ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے پنجگور، نوشکی اور بلوچستان میں دہشت گرد حملے ناکام بنائے۔

عمران خان نے کہا کہ حملے ناکام بنانے پر اپنی بہادر سکیورٹی فورسز کو سلام پیش کرتا ہوں، قوم ہماری حفاظت کرنے اور قربانیاں دینے والی سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز بلوچستان کے ضلع نوشکی اور پنجگور میں سکیورٹی کیمپس پر حملے پسپا کر دیے گئے تھے جبکہ فورسز کی جوابی کارروائی میں 4 دہشت گرد بھی مارے گئے تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق نوشکی میں دہشت گردوں نے ایف سی کیمپ میں داخل ہونے کی کوشش کی تاہم ایف سی کیمپ میں سکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں 4 دہشت گرد مارے گئے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ نوشکی میں دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں ایک افسر زخمی ہوا جبکہ وقفے وقفے سے فائرنگ جاری رہی۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ پنجگور میں بھی دہشت گردوں نے سکیورٹی فورسز کے کیمپ میں دو اطراف سے داخل ہونے کی کوشش کی تاہم سکیورٹی فورسز نے بروقت جوابی کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کی کیمپ میں داخل ہونے کی کوشش ناکام بنادی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پنجگورمیں سکیورٹی فورسزکی جوابی کارروائی پردہشت گرد فرار ہوگئے جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں ایک سپاہی شہید ہوگیا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ پنجگور میں دہشت گردوں کی ہلاکتوں اور زخمی ہونے والوں کا تعین کیاجارہا ہے، دہشت گردوں کے دونوں حملوں کو کامیابی کے ساتھ پسپا کردیا گیا اور دہشت گردوں کو بھاری نقصان پہنچایا گیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے