سکھر (نمائندہ جسارت) سکھر اسمال ٹریڈرز کے صدر حاجی محمد جاوید میمن نے کہا ہے کہ چند مفاد پرست عناصر تاجروں کے اجتماعی مفاد کا سودا نہیں کرسکتے، ہم نے ہمیشہ تاجروں کے اجتماعی مفاد کیلیے کام کیا ہے اور مخلصانہ جدوجہد کے ذریعے تاجروں کے درپیش مسائل حل کرائیں ہیں، چند مفاد پرست ابن الوقت عناصر تاجروں کے اتحاد میں دراڑیں ڈالنے کی کوششوں میں مصروف ہیں جو کہ کبھی بھی اپنے مقاصد میں کامیاب نہیں ہوںگے۔انجمن تاجران مشن روڈ کے تاجروں نے اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مفاد پرست عناصروں کی سازشوں کو ناکام بنا کر باہمی رضا مندی سے عہدیداران کا چنائو عمل میں لائے ہیں جوکہ قابل ستائش اقدام ہے، نومنتخب عہدیداران تاجروں کی فلاح و بہبود کیلیے بہتر انداز سے اقدامات اٹھائیں گے اس سلسلے میں سکھر اسمال ٹریڈرز کا ہر ممکن تعاون ہمیشہ کی طرح ان کے ساتھ رہے گا۔ ان خیالات کا اظہا رانہوں نے انجمن تاجران مشن روڈ کے نومنتخب صدر محمد کاشف شمسی، سرپرست اعلیٰ محمد عقیل عباسی، سینئر نائب صدر حب علی، نائب صدر محمد یاسر آرائیں، جنرل سیکرٹری ایاز علی ابڑو، ایڈیشنل جنرل سیکرٹری جاوید میمن، جوائنٹ سیکرٹری یاسر آرائیں، خزانچی محمد ریحان عباسی، پریس سیکرٹری ندیم خان، آفس سیکرٹری محمد ابراہیم کو مبارکباد دینے کے موقع پر تاجروں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سکھر اسمال ٹریڈرز کے رہنما حاجی عبدالستار راجپوت، بابو فاروقی،مختار شامی، محمد رضوان قادری، ڈاکٹر سعید اعوان و دیگر بھی ان کے ہمراہ تھے۔ سکھر اسمال ٹریڈرز کے صدر حاجی محمد جاوید میمن و دیگر رہنمائوں نے انجمن تاجران مشن روڈ کے نومنتخب صدر محمد کاشف شمسی و دیگر عہدیداران کو پھولوں کے ہار پہنا کر مبارکباد دی اور مٹھائی کھلائی۔ اس موقع پر انجمن تاجران مشن روڈ کے نومنتخب صدر محمد کاشف شمسی کا کہنا تھا کہ سکھر اسمال ٹریڈرز کے صدر حاجی محمد جاوید میمن نے ہمیشہ تاجروں کے اجتماعی مفادات کیلیے خدمات انجام دی ہیں انہوں نے مشکل وقت و پریشانی کی حالت میں کبھی تاجروں کو تنہا نہیں چھوڑا بلکہ چھوٹے تاجروں کی آواز بن کر ان کے مسائل حل کرانے میں صف اول کا کردار ادا کیا ہے۔ انجمن تاجران مشن روڈ کل بھی سکھر اسمال ٹریڈرز کے ساتھ تھی اور آج بھی سکھر اسمال ٹریڈرز کے صدر حاجی محمد جاوید میمن کے شانہ بشانہ رہ کر تاجروں کو درپیش مسائل کے حل کیلیے اقدامات اٹھاتے رہیں گے۔
