ریاض(نمائندہ جسارت) سفیر پاکستان لیفٹیننٹ جنرل(ر) بلال اکبر نے کہا ہے کہ وقت کے ساتھ کشمیریوں کے جذبے اور عزم میں اضافہ ہو رہا ہے، بھارت گزشتہ 73 برس سے حریت پسند کشمیریوں کی آواز دبانے کی کوشش کر رہا ہے لیکن وہ کشمیریوں کے جذبے اور عزم میں کو مٹانے میں ناکام رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سفارت خانہ الریاض سعودی عرب میں کشمیریوں کے ساتھ یوم یکجہتی کشمیر منانے کیلیے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پاکستان میں سابق سعودی سفیر ڈاکٹر علی عواد العیسری نے کہا کہ عالمی تنظیمیں مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی کا نوٹس لیں۔ تقریب میں پاکستانی اور کشمیری اکابرین نے بھرپور شرکت کی اور اپنے خطاب میں کہا کہ اقوام متحدہ کے زیر نگرانی آزاد اور غیر جانبدار استصواب رائے کے ذریعے کشمیری عوام کو حق دہی کے استعمال کیلیے بامعنی اور عملی اقدامات اٹھائے جائیں۔ تقریب میں مس ایمن اورسفارتخانہ پاکستان ریاض کے ہیڈ آف چانسری توصیف خاور نے صدر پاکستان عارف علوی اور وزیر اعظم عمران خان کے پیغامات بھی پڑھ کر سنائے۔ تقریب کے شرکا نے 75 سال سے حق خودارادیت کیلیے کوشاں کشمیری بہن بھائیوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے ان کی کوششوں کو خراج تحسین پیش کیا۔
