
کراچی (اسٹاف رپورٹر) یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر پاکستان سیپاک ٹاکرا فیڈریشن ،سندھ اولمپک ایسوسی ایشن اور محکمہ کھیل حکومت سندھ کے تعاون اور سندھ سیپاک ٹاکرا ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام منعقدہ کشمیر ڈے سیپاک ٹاکرا چمپئن شپ سندھ ٹائیگر نے جیت لی۔ فائنل میں سندھ ٹائیگر نے سندھ ڈولفن کو 21-15، 14-21 اور 21-17 سے شکست دی۔ اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی سندھ اولمپک ایسوسی ایشن کے نائب صدر محفوظ الحق اور ایسوسی ایٹ سیکرٹری جنرل اصغر بلوچ نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔ اس موقع پر سندھ سیپاک ٹاکرا ایسوسی ایشن کے چیئرمین ڈاکٹر محمد عارف حفیظ نے کہا کہ ہماری پوری کوشش ہے کہ ہم اس سال زیادہ سے زیادہ ایونٹ منعقد کریں تاکہ کھلاڑیوں کو بہتر مواقع میسر آسکیں۔
