English Al Qamar Urdu جون 25, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

قذافی اسٹیڈیم میں لاہور قلندر کے شائقین کا سمندر امڈ آیا

لاہور: سلطانز کا بولر فخر زمان کو رن آئوٹ کرنے پر اپیل کرتے ہوئے، دوسری تصویر میں شائقین اسٹیڈیم میں داخل ہورہے ہیں، آخری تصویر میں شائقین باجے بجا کر خوشی کا اظہار کررہے ہیں

لاہور (سید وزیر علی قادری) پاکستان سپر لیگ کے 7 ویں ایڈیشن کے دوسرے مرحلے کے دوسرے روز قذافی اسٹیڈیم نعرہ تکبیر اللہ اکبراور پاکستان زندہ باد کے فلگ شگاف نعروں سے گونج اٹھا۔ انتظامیہ اور سیکورٹی ہائی الرٹ۔ شائقین کا میچ شروع ہونے سے کئی گھنٹے پہلے اسٹیڈیم میں داخلے کی خواہش امن و امان کی وجہ سے اندر جانے میں ناکام رہیں۔ لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز کی ٹیموں کی آمد پر ٹریفک روک دیا گیا ۔ جب کہ اسٹیڈیم کے دروازے بھی بند کردیے گئے۔ دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کے مداحوں کا جوش قابل دید تھا۔تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ کا سب سے زیادہ شائقین کو اپنی طرف متوجہ کرنے والا برانڈ پاکستان سپر لیگ کا 7 واں ایڈیشن قذافی اسٹیڈیم لاہور میں اپنی رعنائیوں کے ساتھ شروع ہوگیا ،پہلے روز شائقین کرکٹ کی آمد میچ کے آغاز پر کم رہی ، تاہم کچھ دیر بعد شائقین کرکٹ نے اسٹیڈیم آنا شروع کیا اور اپنی ٹیموں کی حوصلہ افزائی کے لیے قومی جھنڈے بھی لہراتے نظرآئے۔ دوسرے مرحلے کے پہلے روز ملتان سلطانز اور پشاور زلمی کی جنگ اور مداحوں کا انکلوژر میں بھرپو رشرکت کرنا اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ شائقین آج بھی کرکٹ سے محبت کرتے ہیں۔ دوسرے روز شائقین کرکٹ کی آمد پہلے دن سے زیادہ رہی ۔ اس موقع پر شائقین کرکٹ نے جہاں لاہور قلندر ز کو بھرپورسپورٹ کیا وہیں ملتان سلطانز کے فینز بھی ٹیم کی حمایت میں بڑھ چڑ کر حصہ لیتے نظرآئے۔ ملتان سلطانز ایونٹ میں اب تک ناقابل شکست ہے۔ اسٹیڈیم میں داخل ہونے سے قبل شائقین قومی جھنڈے لہراتے ہوئے پاکستان زندہ باد کے نعرے لگاتے ہوئے نظرآئے۔ اس موقع پر لاہور قلندر ز کے چیف آپریٹنگ آفیسر ثمین رانا نے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ زیادہ سے زیادہ فینز اسٹیڈیم آئیں، لاہور قلندرز کی ٹیم اپنے شہریوں کو مایوس نہیں کرے گی۔سی او او لاہور قلندرز کا کہنا تھا کہ لاہور میں کنڈیشنز اور خاص طور پر اوس سب کے لیے چیلنج ہوگی، پی سی بی انتظامات کر رہا ہے، امید ہے کہ اوس کے اثرات کم ہوں گے، چیلنجز تو رہتے ہیں لیکن پی ایس ایل کا زیادہ سے زیادہ شہروں میں ہونا بہت ضروری ہے۔انہوں مزید کہا کہ پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز لاہور قلندرز میں شامل افغان کرکٹر راشد خان کی فیملی کے ارکان لاہور میں میچ دیکھیں گے۔لاہور قلندرز کے چیف آپریٹنگ آفیسر ثمین رانا نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ راشد خان کے بھائی اور کزنز لاہور میں میچز دیکھیں گے۔ثمین رانا نے لاہور قلندرز کے آل رائونڈر ڈیوڈ ویسا سے متعلق کہا کہ وہ دو سال پہلے کی طرح لاہور میں کھیلنے کے لیے پرجوش ہیں۔ثمین رانا نے لاہور میں میچز سے متعلق کہا کہ خوشی ہے کہ دو برس کے بعد لاہور میں پی ایس ایل کے میچز ہو رہے ہیں، لاہور میں ہر ٹیم کو سپورٹ ملتی ہے۔دوسری طرف میچ سے قبل ہی قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے ، جگہ جگہ ناکے لگا کر مشکوک گاڑیوں اور لوگوں کی چیکنگ کا عمل بھی جاری رہا۔ جب کہ اسٹیڈیم میں داخلے سے قبل شہریوں کی جامعہ تلاشی کے ساتھ ساتھ ویکسینیشن کارڈ بھی دیکھے گئے۔

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے