کراچی (اسٹاف رپورٹر) وائی ایم سی اے کراچی کشمیر ڈے انڈر (14) فٹسال ٹورنامنٹ کا انعقاد کشمیر ڈے کے سلسلے میں کیا گیا جس میں 8 ٹیموں نے شرکت کی۔ ریاض کامل فٹبال اکیڈمی کے تحت وائے ایم سی اے گرائونڈ میں ہونے والے ٹورنامنٹ میں شائقین نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور کھلاڑیوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کی۔ واجا اکیڈمی ینگ جان فٹبال کلب نے گزدرآباد فٹبال کلب کی ٹیم کو پنالٹی کک پر 4-3سے شکست دے کر فائنل جیت لیا۔ بیسٹ گول کیپر حماد اور پلیئر آف دی ٹورنامنٹ گزدرآباد کلب کے شاہ فرمان قرار پائے ۔ تقریب تقسیم انعامات کے مہمانِ خصوصی کمانڈر (ر) ڈاکٹر محمد طاہر تھے۔ اس موقع پر وائی ایم سی اے کے اسپورٹس انچارج عارف عنایت، سیکریٹری بابر پال، صدر واجا اکیڈمی محمد خان، کوچ وقاص بلوچ، فراز، سرفراز و دیگر بھی موجود تھے۔ کمانڈر (ر) ڈاکٹر محمد طاہر نے کہا کہ کشمیریوں سے اظہارِ یکجہتی کیلیے فٹسال ٹورنامنٹ کا انعقاد قابل ستائش ہے۔ کشمیر پاکستان کا اٹوٹ انگ ہے۔ پاکستانی کشمیری بھائیوں کی جدوجہد کی حمایت جاری رکھیں گے۔
