English Al Qamar Urdu جون 25, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

پی سی بی ، پاکستان کپ کرکٹ ٹورنامنٹ 2مارچ سے شروع ہوگا

لاہور(نمائندہ خصوصی )ڈومیسٹک سیزن 22-2021 کا آخری ایونٹ، پاکستان کپ کرکٹ ٹورنامنٹ 2 مارچ سے شروع ہوگا۔ ایونٹ کا افتتاحی میچ دفاعی چمپئن خیبر پختونخوا اور سینٹرل پنجاب کی ٹیموں کے درمیان اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں کھیلا جائے گا۔ سندھ اور سدرن پنجاب کی ٹیمیں بھی اسی روز ملتان کرکٹ اسٹیڈیم جبکہ بلوچستان اور ناردرن کی ٹیمیں ہاس آف ناردرن میں مدمقابل ہوں گی۔ 31 مارچ تک جاری رہنے والا ٹورنامنٹ ملک کے3 مختلف شہروں فیصل آباد، اسلام آباد اور ملتان میں کھیلا جائے گا۔ ڈبل لیگ کی بنیاد پر منعقدہ ایونٹ میں کل 33میچز کھیلے جائیں گے۔ ایونٹ کے دونوں سیمی فائنلز اور فائنل ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔ ٹورنامنٹ کے ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے 10 گروپ میچز پی سی بی کے یوٹیوب چینل پر براہ راست نشر کیے جائیں گے۔ سیمی فائنلز اور فائنل کی براہ راست کوریج سے متعلق فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔ ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر ایک کروڑ روپے کی انعامی رقم تقسیم کی جائے گی۔ فاتح ٹیم کو 50 لاکھ جبکہ رنزراپ کو 25 لاکھ روپے کی انعامی رقم دی جائے گی۔ اس کے علاوہ ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی، بہترین بیٹر، بہترین بولر اور بہترین وکٹ کیپر کو10، 10 لاکھ روپے بطور انعام دیے جائیں گے ۔ پلیئر آف دی فائنل کو 35ہزار روپے جبکہ پلیئرز آف دی میچ کی مد میں ٹورنامنٹ میں کل 8 لاکھ روپے کی انعامی رقم تقسیم کی جائے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے