اسلام آباد/ منڈی بہائوالدین (آن لائن) وفاقی وزیر برائے اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کو لانگ مارچ میں سہولت فراہم کرنے کو تیار ہیں‘ ہمارا ایک کنٹینر خالی پڑا ہوا جو پی ڈی ایم کو کرایہ پر دیا جا سکتا ہے‘ تحریک عدم اعتماد منتوں، ترلوں اور سازشوں سے نہیں آتی‘ اپوزیشن مدرسے کے بچوں کے بل بوتے سیاست کرنا چاہتی ہے‘ نواز شریف اور مریم صفدر سزا یافتہ ہیں‘ مقصود چپڑاسی کا کیس بھی جلد شروع ہوگا‘ ہماری خواہش ہے کہ ان کے کیسز لوگوں کو براہ راست دکھائے جائیں‘ ن لیگ اور پیپلز پارٹی علاقائی جماعتیں بن کر رہ گئی ہیں‘ شہباز شریف کو پرویز الٰہی سے چائے زیادہ کچھ نہیں ملے گا‘ سیاسی چوہے شور کر رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منڈی بہائوالدین میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ فواد چودھری نے کہا کہ بجلی کی قیمتوں میں اضافے کی بڑی وجہ نواز شریف اور شہباز شریف کے لگائے گئے وہ پلانٹس ہیں جن سے ہم بجلی خریدیں یا نہ خریدیں، اس کی ادائیگی کرنا ہوتی ہے ‘وزیراعظم عمران خان نے ملکی معیشت کو اپنے پائوں پر کھڑا کیا ہے‘ اس سال پاکستان کی معیشت 5.37 فیصد کی شرح سے ترقی کر رہی ہے‘ پاکستان کی انڈسٹری اور زرعی شعبے اپنے پائوں پر کھڑے ہیں‘ جب ملک کے معاشی حالات درست ہوتے ہیں تو مختلف سیاسی چوہے نکل کر شور مچانا شروع کر دیتے ہیں‘ شہباز شریف، بلاول اور فضل الرحمن کی کوئی سیاسی حیثیت نہیں، یہ پٹے ہوئے لوگ ہیں‘اپوزیشن ہر 2مہینے بعد تحریک عدم اعتماد جیسے بیانات جاری کر دیتی ہے‘چودھری برادران کا سیاسی ڈیرہ ہے‘ وہاں لوگوں کا آنا جانا لگا رہتا ہے‘ اپوزیشن کو اس سے زیادہ پی ایم ایل (ق) سے کچھ نہیں ملے گا۔ انہوں نے کہا کیبل آپریٹرز پر کسی چینل کو چلانے کے لیے دبائو نہیں ڈالا جا سکتا‘ کسی صحافی کو بے روزگار نہیں کیا جائے گا، صحافیوں کے روزگار کو تحفظ فراہم کریں گے۔
