English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

آسٹریلیا سے سیریز ، قومی ٹیم کا تربیتی کیمپ کل سے شروع ہوگا

القمر

کراچی(اسٹاف رپورٹر)آسٹریلیا کیخلاف سیریز کی تیاریوں کے سلسلے میں قومی کرکٹ ٹیم کا تربیتی کیمپ کل سے شروع ہوگا۔آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیم 24سال بعد پاکستان کے دورے پرآرہی ہے ۔ آسٹریلیا کیخلاف سیریز کی تیاریوں کے لئے قومی کرکٹ ٹیم کا تربیتی کیمپ بدھ سے کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں شروع ہوگا۔کیمپ میں شرکت کے لیے کھلاڑیوں کی آمدآج سے شروع ہوگی۔ہیڈکوچ ثقلین مشتاق کی زیر نگرانی کیمپ 22فروری تک جاری رہے گا۔ سابق ٹیسٹ کپتان محمد یوسف بیٹنگ کوچ ہوں گے۔آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے بولنگ کوچ کچھ وجوہات کے باعث کیمپ میں شامل نہیں ہوں گے۔ تاہم وہ پہنچ کر ذمہ داریاں ادا کریں گے۔ پی ایس ایل 7میں شریک کرکٹرز کیمپ میں شامل نہیں ہوں گے۔ کیمپ کے اختتام پر اگلے روز پاکستان اسکواڈ میں شامل کھلاڑی اسلام آباد روانہ ہوجائیں گے۔24فروری سے سہ روزہ قرنطینہ کے بعد 27فروری سے اسلام آباد میں ٹریننگ کا آغاز ہوگا۔پی ایس ایل7 سے فارغ ہونے والے کھلاڑی ٹیسٹ اسکواڈ میں شمولیت کے بعد3روز آئسولیشن میں رہیں گے جبکہ فائنل کھیلنے والے کھلاڑی قرنطینہ کیے بغیر 28فروری کو براہ راست بائیو سیکیور ببل کاحصہ بن جائیں گے۔ دوسری جانب آسٹریلوی کرکٹ ٹیم سڈنی میں آئسو لیشن کے بعد بذریعہ چارٹرڈ پرواز 27فروری کو اسلام آباد پہنچے گی اور ایک روز کے قرنطینہ کے بعد راولپنڈی اسٹیڈیم میں پریکٹس کریگی۔پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان 3 ٹیسٹ، 3 ون ڈے اور ایک ٹی 20 میچ پر مشتمل سیریز کا آغاز راولپنڈی سے ہوگا،پہلا ٹیسٹ میچ 4سے8مارچ تک راولپنڈی، دوسرا ٹیسٹ12 سے 16 مارچ تک کراچی میں جبکہ تیسرا ٹیسٹ 21سے 25مارچ تک لاہورمیں کھیلا جائے گا۔پہلا ون ڈے 29مارچ ، دوسرا 31مارچ اورتیسرا 2اپریل کوکھیلا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے