لاہور: پاکستان سپر لیگ کے سیزن 7 کے دلچسپ میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے 192 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کراچی کنگز8وکٹوں کے نقصان پر 190رنز بناسکی،عماد وسیم اور قاسم اکرم کی نصف سنچریاں بھی کراچی کنگز کو شکست سے نہ بچاسکیں۔
تفصیلات کے مطابق قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پاکستان سپر لیگ کے سیزن 7کے دلچسپ میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے 192 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کراچی کنگز8وکٹوں کے نقصان پر 190رنز بنائے، کراچی کنگز کو عماد وسیم اور قاسم اکرم کی پارٹنرشپ نے جیت کے قریب پہنچا دیاتھا مگرسنسنی خیز مقابلے کے آخری لمحات میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو زیر کرلیا ، پاکستان سپر لیگ کے سیزن 7 کا 21 واں ٹی ٹوئنٹی میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے 192 ہدف کے جواب میں کراچی کنگز 190رنز بناسکی۔
پی ایس ایل کے21 ویں میچ میں کراچی کنگز کی ابتدا اچھی ثابت نہ ہوسکی۔ تیسرے اوور میں ہی 17 کے مجموعی اسکور پر کپتان بابر اعظم وکٹ کیپر اعظم خان کو کیچ دے بیٹھے۔ کپتان بابر اعظم صرف 13 رنز بناسکے جب کہ دو گیندوں بعد ہی بغیر کسی رن کا اضافہ کیے جان کلارک بھی ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے جس کے بعد شرجیل خان نے ٹیم کو سنبھالا تاہم 76 کے مجموعی اسکور پر دوسرے اینڈ پر کھڑے صاحبزادہ فرحان 17 رنز بناکر شرجیل خان کو داغ مفارقت دے گئے۔اُن کا کیچ رحمان اللہ نے وقاص مقصود کی بال پر لیا۔ اس کے فوری بعد ان فارم شرجیل خان بھی آؤٹ ہوگئے۔ شرجیل خان نے 44 رنز بنائے وہ آصف علی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔شرجیل خان کے پویلین لوٹتے ہی محمد نبی صرف 3 رن بناکر کلین بولڈ ہوگئے انھیں بھی آصف علی نے شکار کیا۔
کراچی کنگز کی تمام امیدیں عماد وسیم سے بندھی ہوئی تھیں۔ٹورنامنٹ میں اب تک فتح سے محروم کراچی کنگز کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر باؤلنگ کا فیصلہ کیا تھا۔کراچی کنگز کیخلاف اسلام آباد یونائیٹڈ نے فہیم اشرف کی تیز رفتار بیٹنگ کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 191 رنز بنائے۔ کپتان شاداب خان 34 رنز بناکر سب سے کامیاب بلے باز رہے۔ کراچی کنگز کی جانب سے عماد وسیم نے 2 جب کہ میر حمزہ،عمید آصف، تھامپسن اور کرس جارڈن نے ایک ایک وکٹیں لیں۔اسلام آباد یونائیٹڈ کے اوپنر رحمان اللہ نے پہلے ہی اوور میں عماد وسیم کو دو خوبصورت چھکے مارے تاہم اگلی بال پر عماد وسیم نے انھیں کپتان بابر اعظم کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کردیا۔ اسی طرح چوتھے اوور میں میر حمزہ نے محمد اخلاق کو 26 کے مجموعی اسکور پر پویلین کی راہ دکھائی۔
کراچی کنگز کے لیے ایلکس ہیلز خطرہ بنے ہوئے تھے جن کا کیچ کپتان بابر اعظم نے نویں اوور کی پہلی گیند پر لیا۔ یہ وکٹ عمید آصف کے حصے میں آئی۔ اسی طرح سب سے کامیاب بیٹسمین اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان کو 87 کے مجموعی اسکور پر عماد وسیم نے کلین بولڈ کردیا۔ شاداب خان نے 34 زنز بنائے۔پانچویں وکٹ تھامپسن نے لیام ڈاوسن کو آؤٹ کرکے حاصل کی۔ عماد وسیم نے ان کا خوبصورت کیچ لیا۔ اعظم خان 22 رنز کی دھواں دھار بیٹنگ کھیل کر رن آؤٹ ہوگئے۔
خیال رہے کہ کراچی کنگز کی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی تھیں،این کاک بین اور عامر یامین کی جگہ جارڈن تھامپسن اور میر حمزہ کو اسکواڈ کا حصہ بنایاگیا تھا۔

